منی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے کروڑوں روپے کی منتقلی کے مقدمے کی سماعت 10جولائی تک ملتوی

منگل 13 مئی 2025 17:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2025ء)اسپیشل جج بینکنگ عدالت نے منی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے کروڑوں روپے کی منتقلی کے مقدمے کی سماعت 10جولائی تک ملتوی کردی ہے ۔اسپیشل جج بینکنگ عدالت کے روبرو منی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے کروڑوں روپے کی منتقلی کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ اومنی گروپ کے چیئرمین انورمجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی اور دیگر ملزم پیش ہوئے۔

ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔

(جاری ہے)

بیرسٹر فاروق ایچ نائیک نے موقف دیا کہ قانون کے مطابق پہلے بریت کی درخواستوں کا فیصلہ ہونا چاہئیے۔ عدالت نے سماعت 10 جولائی تک ملتوی کردی۔ عدالت کی ہدایت پر آئندہ سماعت پر فاروق ایچ نائیک اور دیگر وکلا بریت کی درخواستوں پر دلائل دیں گے۔ انور مجید، یونس قدوائی، عبد الغنی مجید، علی کمال مجید، مصطفی مجید اور نمر مجید نے بریت کی درخواستیں دائر کی ہیں۔ صدر آصف علی زرداری کی مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست زیر التوا ہے۔ فریال تالپور سمیت 20 ملزمان کو ایف آئی کی رپورٹ پر بری کیا جاچکا ہے۔