جامعہ بلوچستان کے انسٹی ٹیوٹ آف بائیو کیمسٹری کا "مہر گڑھ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ" کے اشتراک سے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد

منگل 13 مئی 2025 21:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) جامعہ بلوچستان کے انسٹی ٹیوٹ آف بائیو کیمسٹری نے "مہر گڑھ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ" کے اشتراک سے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس کا موضوع "ادبی تحقیق اور حوالہ جات کے جدید طریقے" تھا۔ اس ورکشاپ کا مقصد ابتدائی کیریئر کے محققین کو تحقیق کے جدید طریقوں، حوالہ جات کے انتظام اور سائنسی تحریر کے لیے ضروری مہارتوں سے آراستہ کرنا تھا۔

اس ورکشاپ میں مختلف ماہرین نے شرکت کی، جن میں ڈاکٹر ظہیر شیران پی ایچ ڈی اسکالر/ریسرچر، ڈاکٹر ظہیر بلوچ زوٹیرو کے ماہر، اور ڈاکٹر آصف جتک لیکچرر، لوامز، پی ایچ ڈی ڈیٹا سائنسز شامل تھے۔ انہوں نے شرکاء کو تحقیقاتی لٹریچر کی تلاش، حوالہ جات کے مؤثر استعمال، اور اوورلیف/لیٹیکس کے ذریعے سائنسی تحریر کے بارے میں عملی تربیت فراہم کی۔

(جاری ہے)

اس ورکشاپ کے مہمانِ خصوصی فیکلٹی آف بائیولوجیکل، فارماسیوٹیکل اور ہیلتھ سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر ظفر احمد تھے جبکہ انسٹی ٹیوٹ آف بائیو کیمسٹری کے ڈائریکٹر/کنٹرولر امتحانات جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر محمد شریف حسنی نے بھی شرکت کی۔ ورکشاپ میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبائ و طالبات نے بھرپور شرکت کی اور اختتام پر تمام شرکاء کو اسناد تقسیم کی گئیں۔

ڈاکٹر سہیل احمد، شعبہ بایوکیمسٹری ، نے اس تقریب کو انتہائی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ منظم اور کامیابی سے منعقد کیا۔ ان کی کوششوں کے باعث پروگرام کی مربوط تنظیم، بروقت تکمیل اور تمام شرکاء کے لیے ایک مؤثر اور معلوماتی تجربہ ممکن ہو سکا۔ یونیورسٹی آف بلوچستان کے ڈین فیکلٹی اور کنٹرولر امتحانات نے کامیاب علمی و تحقیقی ورکشاپ کے انعقاد پر تمام محققین، منتظمین، اساتذہ، طلباء و طالبات اور یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :