متحدہ عرب امارات ، اتحاد ایئر ویز کا اپریل میں 1.7 ملین مسافروں کا خیرمقدم

بدھ 14 مئی 2025 14:29

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)متحدہ عرب امارات کی قومی فضائی کمپنی اتحاد ایئرویز سے اپریل 2025 کے دوران 1.7 ملین مسافروں نے سفر کیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں21 فیصد زیادہ ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اتحاد ایئرویز نے اپریل میں 89 فیصد مسافر لوڈ فیکٹر ریکارڈ کیا جو اپریل 2024 میں 84 فیصد تھا۔اپریل 2025 کے اعداد و شمار فضائی کمپنی کی مضبوط ترقی اور کارکردگی کو ظاہر کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

سال 2025 کے ابتدائی چار ماہ میں اتحاد ایئرویز نے 6.7 ملین مسافروں کا خیرمقدم کیا جو 2024 کے اسی عرصے سے ایک ملین زیادہ ہے۔2025 میں 21 ملین سے زیادہ مسافروں کا ہدف ہے جو ایک نیا ریکارڈ ہوگا۔اتحاد ایئرویز کے سی ای او انتونوالڈو نیویس کا کہنا تھا اپریل ایک اور غیر معمولی مہینہ رہا، جس میں گزشتہ برس کے اسی عرصے کے مقابلے میں 21 فیصد مسافروں کا اضافہ ہوا ہے۔اپریل میں 89 فیصد لوڈ فیکٹر اس بات کی تصدیق ہے کہ مسافر اتحاد ایئرویز کو اس کی معیاری خدمات، وسیع نیٹ ورک اور مجموعی قدر کے لیے منتخب کر رہے ہیں۔