Live Updates

شکست خوردہ بھارت کی بوکھلاہٹ،ترک اور چینی خبر رساں اداروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ بلاک کردیے

بدھ 14 مئی 2025 17:00

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2025ء)شکست خوردہ بھارت نے بوکھلاہٹ کے باعث ترک اور چینی خبر رساں اداروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ بلاک کردئیے۔بھارتی میڈیاکے مطابق بھارت تاحال پاکستان کی منہ توڑ جوابی کارروائی کے اثر سے باہر نہ آسکا اور اس نام نہادجمہوریت کے سب سے بڑے علمبردار ہونے کے دعویدار ہندو انتہا پسند ملک نے سچ دکھانے پر غیر ملکی خبر رساں اداروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنا شروع کر دئیے ہیں۔

حکومت نے ترک نشریاتی ادارے کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ بھارت میں بند کر دیا ہے جبکہ بھارتی عوام بھی ترک مصنوعات کا بائیکاٹ کر رہے ہیں۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ انڈین عوام ترکیے کو سیاحتی مقام کے طور پر بھی نظر انداز کر رہے ہیں۔دوسری جانب بھارت میں دو چینی میڈیا اداروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی بند کر دئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت کی جانب سے چین کے سرکاری انگریزی اخبار گلوبل ٹائمز اور چین کی سرکاری نیوز ایجنسی Xinhuaکے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کیے گئے ہیں۔

چین میں بھارتی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ متعدد خبر رساں اداروں نے آپریشن سندور میں بھارتی افواج کو پاکستانی فورسز کے ہاتھوں نقصان پہنچنے سے متعلق رپورٹس چلائیں، بھارتی سفارتخانے نے گلوبل ٹائمز کو ٹیگ کرتے ہوئے یہ بھی لکھا کہ برائے مہربابی خبریں چلانے سے پہلے ان کی تصدیق کر لیا کریں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات