کراچی‘ پانی بجلی کو ترسے عوام سڑکوں پر آگئے، ٹینکر آپریٹرز کیخلاف تحقیقات شروع

شارع فیصل پر صدر تھانے کے سامنے بزرٹہ لائن کے مکینوں کا پانی و بجلی کی عدم فراہمی پر مظاہرہ

جمعرات 15 مئی 2025 13:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی اورپانی کی عدم فراہمی پر شہری سراپا احتجاج ہیں۔ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے شارع فیصل پر صدر تھانے کے سامنے بزرٹہ لائن کے مکینوں نے پانی و بجلی کی عدم فراہمی پر مظاہرہ کیا۔احتجاج کے دوران شارع فیصل کے دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے بندکردیے گئے جب کہ پی آئی بی کالونی کے رہائشیوں نے بھی بجلی اورپانی کی بندش پراحتجاج کیا۔

(جاری ہے)

مزید برآں انچولی بلاک 20 میں بھی پانی کی قلت پرشہری سڑکوں پرآگئے۔دوسری جانب کراچی میں پانی کی قلت، ہائیڈرنٹ اور ٹینکر آپریٹر کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ایم ڈی واٹر بورڈ نے واٹر ٹینکرکی زائد قیمت لینے اور معاہدے کی خلاف ورزی پرانکوائری کے احکامات جاری کرتے ہوئے 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ کمیٹی 10 دن میں رپورٹ تیار کریگی جس میں پانی کی قلت کی وجوہات،ثبوت اور سفارشات شامل ہونگی۔