رواں ماہ غزہ میں امداد کی تقسیم شروع کردیں گے، امریکی این جی او

جمعرات 15 مئی 2025 16:56

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) امریکی این جی او غزہ ہیو مینٹیرین فائونڈیشن ( جی ایچ ایف)نے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی حکام سے بات چیت کے بعد رواں ماہ غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی تقسیم شروع کردے گی۔اے ایف پی کے مطابق یہ بات جی ایچ ایف نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہی۔ این جی او نے کہا کہ اسرائیل سے فلسطینی سرزمین کے شمال میں تقسیم کے مقامات کو محفوظ بنانے کے لئے کہا ہے جس پر اس نے رضامندی ظاہر کی ہے۔

گروپ نے یہ بھی کہا کہ اس نے اسرائیل سے کہا ہے کہ وہ ان لوگوں تک امداد کی فراہمی کے لئے حل تلاش کریں جو تقسیم کے مقامات تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔ جی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ خوراک اور ادویات کی قلت نے غزہ میں پہلے سے سنگین صورتحال کو مزید خراب کردیا ہے جبکہ اسرائیل نے اقوام متحدہ کے ان انتباہات کو مسترد کر دیا ہے کہ غزہ میں قحط کا خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

تنظیم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جیک و ڈ کا کہنا تھا کہ مثالی حالات کا انتظار کرنے کا وقت نہیں ، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی اقدار سے سمجھوتہ کیے بغیر کام کریں ۔انہوں نے موجودہ امریکی انتظامیہ کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل کے لئے گروپ کے آپریشنل منصوبوں بارے مزید اپ ڈیٹس پیش کریں گے۔ یاد رہے کہ اسرائیل نے غزہ کے لئے امداد فراہم کرنے پر اوائل مارچ سے پابندی عائد کررکھی ہے۔