Live Updates

پاکستانی افواج نے مکمل تیاری اور حکمت عملی کے ساتھ ملک کے دفاع کو یقینی بنایا،ملک محمد یونس

تمام سیاسی قوتوں نے سیاسی اختلافات سے بالا ہو کر ملکی سلامتی اور بقا کی خاطر یکجہتی کی ایک روشن مثال قائم کی

جمعرات 15 مئی 2025 17:03

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)چیئرمین مسلم لیگ ن ملک محمد یونس نے آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یقینا آج کا دن اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کا دن ہے۔اس موقع پر ملک محمد یونس نے افواجِ پاکستان کی بے مثال جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بری، بحری اور فضائی افواج نے مکمل تیاری اور حکمت عملی کے ساتھ ملک کے دفاع کو یقینی بنایا۔

انہوں نے کہا کہ الحمدللہ آج دنیا پاکستانی فضائیہ کو فضاؤں کا بادشاہ اور ہماری مسلح افواج کو دنیا کی بہترین افواج میں شمار کر رہی ہے جس کا تمام تر کریڈٹ ہماری پاک افواج کو جاتا ہے جن کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی بدولت آج پاکستان کو عظیم مقام حاصل ہوا ہے انھوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں پوری قوم نے مثالی ملی یکجہتی، صبر، ثابت قدمی اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

تمام سیاسی قوتوں نے سیاسی اختلافات سے بالا ہو کر ملکی سلامتی اور بقا کی خاطر یکجہتی کی ایک روشن مثال قائم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے قومی یکجہتی کے نتیجے میں پاکستان کو کامیابی اور فتح سے ہمکنار فرمایا۔ آپریشن بنیان مرصوص کے تحت دشمن کی جارحیت کا مثر، مکمل اور بھرپور جواب دیا گیا۔ پاکستان کی ہر سطح پر فتح اللہ تعالیٰ کی خصوصی مدد اور قوم کی استقامت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جارحیت کے باوجود صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور عالمی سطح پر ہماری سفارتی حکمت عملی کو بھرپور سراہا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات