اوپن یونیورسٹی، بی ایس اور بی ایڈ پروگرامز کی آن لائن ورکشاپس 19 مئی سے شروع ہوں گی

جمعرات 15 مئی 2025 17:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2025ء میں پیش کئے گئے بی ایس اور بی ایڈ(او ڈیل ایل پروگرامز)کی ورکشاپس کے آغاز کا اعلان کر دیا ۔ ورکشاپس کے انعقاد اور اسائنمنٹس جمع کرانے کا شیڈول یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹwww.aiou.edu.pk پر موجود ہے۔ڈائریکٹوریٹ آف ریجنل سروسز(ڈی آر ایس)کے مطابق یہ ورکشاپس 19 مئی 2025ء سے شروع ہوں گی اور آن لائن انعقاد پذیر ہوں گی۔

طلبہ اپنے ورکشاپس کا شیڈول آگاہی ایل ایم ایس پورٹل کے ذریعے چیک کر سکتے ہیں۔ڈی آر ایس نے وضاحت کی ہے کہ ان دنوں امتحانات بھی جاری ہوں گے، اس لیے اگر کوئی طالب علم کسی روز ورکشاپ میں شرکت نہ کر سکے تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہےتاہم ورکشاپ کے ساتھ دیا گیا کوئز حل کرنا لازمی ہے جو کہ پانچویں روز صبح 8 بجے سے 72 گھنٹوں (تین دن) کے لیے طلبہ کے پورٹل پر دستیاب ہوگا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے طلبہ کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ورکشاپس تعلیمی سفر کا اہم حصہ ہیں جن کے ذریعے طلبہ کو عملی تربیت اور موضوعات کی بہتر تفہیم حاصل ہوتی ہے۔ طلبہ ان سیشنز میں بھرپور شرکت کریں اور کوئز کو بروقت مکمل کریں تاکہ ان کی تعلیمی کارکردگی مزید بہتر ہو۔ ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان نے کہا ہے کہ ریجنل ہیڈز اور ڈی آر ایس کی ٹیم ہر ممکن تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔مزید معلومات اور رہنمائی کے لئے طلبہ آگاہی پورٹل پر دستیاب ہدایات کا مطالعہ کریں۔

متعلقہ عنوان :