عالمی یومِ خاندان کےموقع پر شیڈ ٹرسٹ کے زیر انتظام چلنے والے ادرےاولڈ ایج ہوم “مسکن” میں پُروقار تقریب کا انعقاد

جمعرات 15 مئی 2025 23:05

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) عالمی یومِ خاندان کےموقع پر شیڈ ٹرسٹ کے زیر انتظام چلنے والے ادرےاولڈ ایج ہوم “مسکن” میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں لاوارث، بے سہارا اور بزرگ خواتین و حضرات کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ تقریب کی صدارت سابق وفاقی وزیر اور معروف سماجی رہنما ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کی۔

اس موقع پر سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ خاندان کسی بھی معاشرے کی بنیاد ہوتا ہے اور بزرگ افراد خاندان کی جڑیں ہیں یہ ہمارا اخلاقی اور سماجی فرض ہے کہ ہم ان افراد کی قدر کریں جو اپنی زندگی کا بڑا حصہ دوسروں کی خدمت میں گزار چکے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ معاشرتی تبدیلیوں اور خاندانی نظام میں کمزوری کے باعث آج بہت سے بزرگ افراد تنہائی اور بے بسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت اور معاشرے پر زور دیا کہ وہ ایسے اداروں کی معاونت کریں جو بزرگوں کے وقار کے ساتھ جینے کے حق کی حفاظت کر رہے ہیں، تقریب میں بزرگ مکینوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آخر میں “مسکن” کے رضاکار منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا اور بزرگوں میں تحائف تقسیم کیے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مستقبل میں بھی بزرگ شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے بھرپور آواز بلند کرتی رہیں گی۔

متعلقہ عنوان :