بہار، ہندوتوابلوائیوں کا وحشیانہ تشدد ، ایک مسلم نوجوان قتل

جمعرات 15 مئی 2025 22:40

سرن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) بھارتی ریاست بہار کے ضلع سرن میں ہندوتوا بلوائیوں نے ایک مسلم نوجوان ذاکر قریشی کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بناکر قتل کردیاہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق11مئی کو ضلع کے علاقے چھپرا میں ہندوتوا بلوائیوں نے جانوروں کی چوری کا الزام لگا کر ذاکر اور اسکے بھائی نہال کو پکڑ کر رسیوں سے باندھ کر لوہے کی سلاخوں اورلاٹھیوں سے وحشیانہ تشددکا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

واقعے کی سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں لہولہاں ذاکر کو رحم کی درخواست کرتے ہوئے دکھایاگیاہے ۔ حملے کے بعد ہندوبلوائی دونوں بھائیوں کو نیم مردہ حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ دونوں کو فوری طورپر تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں ذاکر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ نہال زندگی اورموت کی کشمکش میں مبتلا ہے ۔ واقعے کے بعد علاقے کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایاجاتاہے اوراحتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ۔