عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کا مشن، خواجہ عمران نذیر فیلڈ میں متحرک

جمعرات 15 مئی 2025 22:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے مختلف علاقوں میں کلینک آن ویلز کی سہولت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پرسی او ہیلتھ ڈاکٹر زوہیب اور دیگر افسران ہمراہ موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کلینک آن ویلز میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔خواجہ عمران نذیر نے ادویات کا سٹاک چیک کیا اور مریضوں سے سہولیات بارے فیڈ بیک بھی لیا۔

کلینک آن ویلز کی سہولت سے استفادہ لینے والے مریضوں کا مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کلینک آن ویلز اورموبائل ہیلتھ کلینک جیسے منصوبے عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، کلینک آن ویلز صحت دوست پراجیکٹ ہے، شہریوں نے خواجہ عمران نذیر سے اظہار تشکر کیا اور سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ کلینک آن ویلز میں عوام کو طبی ماہرین سے معائنہ اور بنیادی ٹیسٹوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے،وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر کلینک آن ویلز میں بلامعاوضہ بنیادی ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلینک آن ویلز میں زچہ و بچہ کا معائنہ، اسکرینگ اور حفاظتی ٹیکہ جات کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے، نیوٹریشن کے مسائل کا شکار بچوں کو بھی علاج معالجے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ عوام کو معیاری اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے، اس موقع پر انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ کلینک آن ویلز جس بھی علاقے میں جائے وہاں مساجد میں بھی اعلان کروایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس منصوبے سے مستفید ہو سکیں ۔