صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک کا تجرباتی فارم جہانگیر آباد کچا کھوہ خانیوال کا دورہ

جمعرات 15 مئی 2025 23:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2025ء) صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے تجرباتی فارم جہانگیر آباد کچا کھوہ خانیوال کا دورہ کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر کو تجرباتی فارم امور بارے بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب ثاقب علی عطیل بھی موجود تھے۔سید عاشق حسین کرمانی نے جہانگیرآباد فارم کا تفصیلی دورہ اور فارم میں جانوروں کا معائنہ کیا۔

انہوں نے فارم میں صحت مند جانوروں پر فارم منیجر اور انکی ٹیم کی خدمات کو بھی سراہا ۔صوبائی وزیر دورہ کے دوران ڈائریکٹرز جنرل ایکسٹینشن اور پروڈکشن ڈاکٹر محمد اشرف،ڈاکٹر محمد یوسف،فارم سپرنٹنڈنٹ عزیزالرحمن بھی موجود تھے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے خانیوال میں رکن قومی اسمبلی محمد خان ڈاہا اوراحمد خان ڈاہا سے ان کے والد سابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب حاجی عرفان احمد خان ڈاہا کی وفات پر ان کی رہائش گاہ پر اظہار تعزیت کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حاجی عرفان احمد خان ڈاہا بزرگ سیاستدان اور نیک صفت انسان تھے۔انہوں نے مرحوم کی بخشش و مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی اور دعا کی کہ اللہ تعالی انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔اس موقع پر سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب ثاقب علی عطیل،پارلیمانی سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس پنجاب رانا سلیم حنیف ودیگر بھی ہمراہ تھے۔