حسابات جاریہ کے کھاتوں کا توازن جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 1.880 ارب ڈالر فاضل ریکا رڈ، ملکی برآمدات اور درآمدات میں اضافہ، تجارتی خسارہ بھی بڑھ گیا

جمعہ 16 مئی 2025 17:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2025ء) حسابات جاریہ کے کھاتوں کا توازن جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 1.880 ارب ڈالر فاضل ریکارڈ کیا گیا ہے، جاری مالی سال کے دوران ملکی برآمدات اور درآمدات میں اضافہ ہوا ہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا توازن 1.880 ارب ڈالر رہا،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ 1.337 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا،اپریل میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا توازن 12 ملین ڈالر فاضل ریکارڈ کیا گیا ہے جو مارچ میں 315 ملین ڈالر فاضل تھا۔

مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں اشیاء کے تجارتی خسارہ کا حجم 21.34 ارب ڈالر اور خدمات کے شعبہ کے تجارتی خسارہ کا حجم 2.49 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں بالترتیب 19 فیصد اور 8 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اشیاء کے تجارتی خسارہ کا حجم 17.97 ارب ڈالر اور خدمات کے شعبہ کے تجارتی خسارہ کا حجم 2.40 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں اشیا کی برآمدات کا حجم 27.27 ارب ڈالر اور خدمات شعبہ کی برآمدات کا حجم 6.93 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں بالترتیب 7 فیصد اور 9 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اشیا کی برآمدات کا حجم 25.53 ارب ڈالر اور خدمات کی برآمدات کا حجم 6.34 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں اشیاء کی درآمدات کا حجم 46.61 ارب ڈالر اور خدمات کی درآمدات کا حجم 9.43 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں بالترتیب 12 فیصد اور 8 فیصد زیادہ ہے،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اشیاء کی درآمدات کا حجم 43.50 ارب ڈالر اور خدمات کی درآمدات کا حجم 8.74 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں پرائمری بیلنس 7.12 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 6.32 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :