ایف آئی اے نے امیگریشن کے عمل کو آسان بنانے ، انسانی سمگلنگ کے خاتمے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایپ تیار کر لی

جمعہ 22 اگست 2025 10:40

ایف آئی اے نے امیگریشن کے عمل کو آسان بنانے ، انسانی سمگلنگ کے خاتمے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) ایف آئی اے نے امیگریشن کے عمل کو آسان بنانے اور انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایپ تیار کر لی ہے، جس کا پائلٹ پراجیکٹ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے شروع کیا جائے گا۔ اس اقدام سے مسافروں کو قطاروں سے نجات ملنے کے ساتھ ساتھ انسانی سمگلنگ کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی ۔

یہ بات وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے)ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس میں بتائی گئی، جہاں ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ کو امیگریشن کو سہل بنانے، انسانی سمگلنگ کے انسداد اور ادارے کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایپ کی تیاری کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایپ نہ صرف مسافروں کے لیے آسانیاں پیدا کرے گی بلکہ انسانی سمگلنگ کے خلاف جنگ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے آئی ٹی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے مطلوبہ فنڈز فوری فراہم کرنے، ایف آئی اے ہیڈکوارٹر بلڈنگ کی اپ گریڈیشن اور ایف آئی اے اکیڈمی کی نئی الاٹ شدہ زمین ادارے کے حوالے کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

وزیر داخلہ نے منظور شدہ خالی آسامیوں پر فی الفور بھرتی کا عمل شروع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ضروری وسائل فراہم کروں گا لیکن اس کے ساتھ آپ کو عملی کارکردگی بھی دکھانا ہوگی۔ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے راجہ رفعت مختار نے وفاقی وزیر کو بریفنگ میں بتایا کہ ایف آئی ایکٹ میں ضروری ترامیم پر کام مکمل ہو چکا ہے، ادارے کو قلیل مدت میں ای آفس پر منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ایف آئی اے کے تمام نوٹس اب کیو آر کوڈ کے ساتھ جاری کئے جائیں گے۔اجلاس میں ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز، ڈائریکٹرز اور زونل ڈائریکٹرز (آن لائن) شریک ہوئے۔932