نیو کراچی میں نالے پر مصطفی کمال نے 7ہزار دکانیں بنوائیں، سعید غنی

جمعہ 22 اگست 2025 12:53

نیو کراچی میں نالے پر مصطفی کمال نے 7ہزار دکانیں بنوائیں، سعید غنی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ نیو کراچی میں نالے پر مصطفی کمال نے 7ہزار دکانیں بنوائیں، ایکشن لینے گئے تو ایم کیو ایم عدالت چلی گئی۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ یہ بات غلط ہے کہ نالوں کی صفائی نہیں کی گئی، شہر کے بڑے نالوں کی صفائی کرلی گئی تھی،نالے جتنے بھی بڑے بنالیں،گنجائش سے زیادہ پانی نہیں لے سکیں گے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نالے پر تجاوزات ختم کرنے جاتی ہے تو دیگر جماعتیں شور مچانا شروع کردیتی ہیں،قدرتی آفات کی صورتحال میں جیسا کراچی کی سیاسی جماعتیں کرتی ہیں ویسا کہیں نہیں ہوتا۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ شہر کے وہ نالے جن پر تجاوزات ہیں، ختم کردیے جائیں تو صورتحال بہتر ہوسکتی ہے، نرسری کے مقام پر ہم نے کام کیا، پہلے پانی جمع ہونے کی شکایات بہت ہوتی تھیں۔

(جاری ہے)

سعید غنی نے کہا کہ نرسری کا مقام ایک پیالے کی طرح ہے، مختلف مقامات سے پانی آکر نرسری پر جمع ہو جاتا ہے، ہم نے نالوں سے اینٹیں، بوریاں اور بڑے بڑے پتھر نکالے ہیں، حکومت اپنی پوری کوشش کرتی ہے اور کی ہے، ہم نے چار، چھ گھنٹے میں سڑکیں کھولنے کی کوشش کی ہے، شہریوں نے رضاکارانہ طور پر لوگوں کی مدد بھی کی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ میں تمام لوگوں سے رابطے میں تھا، کام سب نے کیا ہے، 2022کی بارشوں سے بہت کچھ سیکھا۔