بھارت، ہندوتواغنڈوں کے حملے میں مسلم سوڈانی طالبعلم ہلاک

پنجاب کے علاقے پھگواڑہ میں ایک پرائیویٹ یونیورسٹی کے قریب محمد وڈا بالا یوسف احمد کو چاقو کے وار کر کے قتل کردیا گیا

جمعہ 16 مئی 2025 21:26

پھگواڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2025ء)بھارتی ریاست پنجاب میں ہندوتوا غنڈوں کے حملے میں سوڈان سے تعلق رکھنے والے 25سالہ مسلم طالب علم کو ہلاک اور ایک کو شدید زخمی کر دیا گیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پنجاب کے علاقے پھگواڑہ میں ایک پرائیویٹ یونیورسٹی کے قریب محمد وڈا بالا یوسف احمد کو چاقو کے وار کر کے قتل کردیا گیا اور احمد محمد نور احمد حسین کو شدید زخمی کر دیا گیا جس سے ریاست میں زیر تعلیم غیر ملکی طلباء میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ستنام پورہ پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر اور زخمی طالب علم احمد محمد نور احمد حسین کے بیان کے مطابق وہ اور متاثرہ طالبعلم یوسف احمد دو سوڈانی طالبات کے ساتھ نماز فجرادا کرنے کے بعد واپس آرہے تھے کہ انہیں ہندوتواغنڈوں کے ایک گروپ نے روک کر طالبات کو ہراساں کرنا شروع کر دیا، جب انہوں نے مداخلت کی تو غنڈوں نے انہیں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور چاقوسے حملہ کیا۔ یوسف احمد سینے میں چاقو لگنے سے شدید زخمی ہو گیا ۔اسے فوری طورپر ہسپتال منتقل کیاگیاجہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ واقعے میں زخمی ہونیوالیل دوسرے طالبعلم احمد نور کی حالت تشویشناک بتاتی جاتی ہے۔