کمشنر سرگودہا ڈویژن کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، 88 غیر فعال واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی بارے جاری پیش رفت سے آگاہ کیا

ہفتہ 17 مئی 2025 13:20

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب صاف پانی اتھارٹی نے سرگودہا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں 88 غیر فعال واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کے سلسلے میں جاری پیش رفت سے آگاہ کیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع سرگودہا میں 35 میں سے 20 فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کا کام جاری ہے، جن میں سے 15 پلانٹس کو 30 مئی تک عوام کے لیے فعال کر دیا جائے گا، جبکہ باقی پلانٹس 30 جون تک مکمل طور پر بحال ہو جائیں گے۔

ضلع بھکر کے تمام 8 واٹر فلٹریشن پلانٹس آئندہ ہفتے تک فعال کر دیے جائیں گے۔ ضلع خوشاب میں 4 فلٹریشن پلانٹس کی مرمت جاری ہے، جبکہ ضلع میانوالی میں 41 غیر فعال پلانٹس کو بھی 30 جون تک مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ٹھیکیداروں کو تعمیر و مرمت کے دوران معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے کا پابند بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی ترجیح ہے اور اس منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل یقینی بنائی جائے۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن اور سی او ایم سی عمر فاروق نے شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر، ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد گورایہ اور ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :