ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 کا مائینز ریسکیو سیفٹی اینڈ ٹریننگ سنٹر جلوزئی نوشہرہ کا دورہ، مختلف تربیتی امور پر بریفنگ دی گئی

ہفتہ 17 مئی 2025 14:16

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2025ء) ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 شاہ فہد نے ڈائریکٹر آپریشن ڈاکٹر میر عالم خان، ڈائریکٹر پلاننگ انجنئیر ناصر خان اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نوشہرہ ملک اشفاق خان کے ہمراہ مائینز ریسکیو سیفٹی اینڈ ٹریننگ سنٹر جلوزئی نوشہرہ کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر انسپکٹوریٹ آف مائنز اینڈ منرلز خیبر پختونخوا اور سپرٹنڈنٹ ریسکیو ٹرینگ سینٹر جلوزئی نے ان کا استقبال کیا اور مختلف تربیتی امور پر بریفنگ دی ۔

اس موقع پر ڈی جی ریسکیو 1122 شاہ فہد نے کہا کہ ریسکیو1122 کسی بھی ایمرجنسی کے دوران فرسٹ ریسپانڈر کے طور پر پہنچ جاتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں مائینز ( کان کنی) کے بھی واقعات رونما ہوتے ہیں جس کے لیے خدمات فراہم کی جاتی ہیں تاہم ان ایمرجنسیز سے پیشہ وارانہ طریقے سے نمٹنے کے لیے ریسکیو1122 اہلکاروں کےلیے مائینز کی خصوصی تربیت فراہم کی گئی تاکہ صوبے میں موجود کان کنی کرنے والے افراد کو سہولیات فراہم کی جائے۔

(جاری ہے)

ابتدائی طور پر ریسکیو1122 کا پہلا بیچ اپنی تربیت مکمل کرکے پاس آؤٹ ہوگیا ہے جبکہ مزید اہلکاروں کو بھی مرحلہ وار تربیت فراہم کی جائے گی اور دونوں ادارے باہمی اشتراک سے کان کنوں کو خدمات فراہم کرنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی تیار کریں گے۔ آخر میں تربیت مکمل کرنے والے ریسکیو1122 اہلکاروں میں توصیفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :