78 ویں یوم آزادی معرکہ حق پر قومی اتحاد نے سازشی عناصر کی زبانیں بند کردی، سعید غنی

حکومت سندھ کی 15 روزہ تقریبات میں نظم و ضبط نے ظاہر کیا کہ قوم کا اپنی لیڈرشپ پر بھرپور اعتماد ہے، صوبائی وزیر کا کاٹی میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب

جمعرات 14 اگست 2025 17:37

78 ویں یوم آزادی معرکہ حق پر قومی اتحاد نے سازشی عناصر کی زبانیں بند ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ آج 78 ویں یوم آزادی اور معرکہ حق کے موقع پر قوم نے اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے، جس سے سازشی عناصر کی زبانیں بند ہوگئی ہیں۔ جو لوگ پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے تھے انہیں پیغام مل گیا کہ پاکستان کی قوم کسی کے بہکاوے میں نہیں آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں جشن آزادی کی مناسبت سے منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں کاٹی کے صدر جنید نقی، ڈپٹی پیٹرن ان چیف زبیر چھایا، سینئر نائب صدر اعجاز احمد شیخ، نائب صدر طارق حسین، سابق صدور و چیئرمین فرحان الرحمان، دانش خان، گلزار فیروز، جوہر قندھاری، شیخ فضل جلیل، احتشام الدین، ٹاؤن چیئرمین نعیم شیخ، پیپلز پارٹی کورنگی ڈسٹرکٹ کے صدر جانی میمن و دیگر صنعتکار و ممبران موجود تھے۔

(جاری ہے)

سعید غنی نے کہا کہ 14 اگست 2025 کا دن پاکستان کیلئے صرف ایک تاریخی دن نہیں بلکہ ایک جدوجہد کی علامت ہے۔

اس بار جس طرح سندھ حکومت نی15 روزہ معرکہ? حق کی تقریبات کا انعقاد کیا، نیشنل اسٹیڈیم میں لوگوں کی بڑی تعداد نے نئی تاریخ رقم کردی۔ اس تقریب میں کسی قسم کی بدمزگی نہ ہونے سے لوگوں میں موجود اتحاد اور اتفاق سے انداز ہ لگایا جاسکتا ہے کہ لوگوں نیسازشی عناصر کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاٹی میں معرکہ? حق کی تقریب میں شرکا کا جوش و جذبہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ لوگوں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پر اللہ تعالی کا بڑا فضل کرم ہے کہ اس نے ہمیں ہر طرح سے بہتر بنایا ہے۔ بھارت نے جنگی جنون میں آکر پاکستان پر جنگ مسلط کی۔ اس سے قبل ہر کوئی یہی گمان کرتا تھا کہ بھارت کے پاس زیادہ طاقت، بہتر دفاعی نظام، ٹیکنالوجی اور برتری ہے اور پاکستان معاشی طور پر کمزور ہے، پاکستان کی عالمی سطح پر کوئی حمایت نہیں کرے گا، اسی نشے میں بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا لیکن پاک فوج نے آرمی چیف فیلڈ مارشل کی قیادت میں چند گھنٹوں میں بھارت کو ایسا منہ توڑ جواب دیا کہ اس کے جدید ترین جنگی طیارے اور دفاعی نظام کو خاک میں ملا دیا، جس سے دنیا بھی حیران رہ گئی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا منفی پروپیگنڈہ کرنے لگا اور ایسا ظاہر کر رہا تھا جیسے پاکستان پر بھارت کا قبضہ ہوگیا ہو لیکن پاکستان کی بہادر فوج کا جوابی حملہ بھارت برداشت نہ کرسکا اور امریکہ سے گڑگڑا کر جنگ بندی کیلئے بھیک مانگنے پر مجبور ہوگیا۔ اس موقع پر پاکستانی قوم نے جو یکجہتی کا مظاہرہ کیا اس نے پاکستان کو دنیا میں ایک طاقتور ملک بن کر ابھرا ہے۔

پاکستان کی بری، بحری اور فضائی فوج نے جو بہادری کا مظاہرہ کیا وہ آئندہ 100 سال تک بھارت تو کیا دنیا کے کسی بھی ملک کو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں ہوگی۔ اس سے قبل کاٹی کے صدر جنید نقی نے کہا کہ یوم آزادی اور معرکہ حق ہمیشہ یاد دلائے گا کہ آزادی کتنی بڑی نعمت ہے اور ہمیں متحد ہوکر دشمن کا مقابلہ کرنا ہے، چاہے وہ معاشی، دفاعی، سیاسی یا سماجی محاذ ہو ہر موقع پر قوم کو اتحاد اور تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر حب الوطنی اور ملک و قوم کی بہتری کیلئے کوششیں کرنی ہوں گی۔

صدر کاٹی نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے غرور کو خاک میں ملایا، دنیا نے تاریخ کی مختصر ترین جنگ دیکھی جہاں بھارت کی فجر میں شروع کی گئی جنگ کو پاک فوج نے عصر تک شکست میں تبدیل کر دیا اور بھارت کو امریکہ سے مدد مانگنے پر مجبور کر دیا۔ سندھ حکومت نے 15 روزہ جشن آزادی کی بہترین تقریبات کا اہتمام کیا، آج کے دن ہمیں نوجوان نسل کو یہ سبق دینا ہوگا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان سے ہی ہمارا مستقبل ہے۔

جنید نقی نے کہا کہ ہمیں انفرادی طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی ہوں گی۔ یہی وجہ ہے کہ کاٹی نے صنعتی علاقے کی بہتری کیلئے بے شمار اقدامات کئے۔ یہ موقع اختلافات کا نہیں بلکہ اتحاد اور یقین محکم کا ہے جس کا درس بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی دیا۔ ہمیں پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط کرنا ہوگا اس کیلئے بزنس کمیونٹی ہر قربانی دینے سے دریغ نہیں کرے گی۔ قبل ازیں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے تقریب کے آغاز پر قومی پرچم لہرایا اور قومی ترانہ پڑھا گیا جبکہ تقریب کے اختتام پر انہوں نے کیک کاٹا اور شجرکاری مہم میں پودا لگا کر وطن عزیز کی ترقی اور بقاء کیلئے دعا کی۔