وزیراعلی بلوچستان میرسرفرازبگٹی کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات صوبے کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی اقدامات اور امن و امان پر تفصیلی تبادلہ خیال

ہفتہ 17 مئی 2025 18:27

وزیراعلی بلوچستان میرسرفرازبگٹی کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات ..
اسلام آباد /کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2025ء) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہفتہ کو یہاں ایوان صدر اسلام آباد میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران وزیراعلی نے صدر مملکت کو بلوچستان کی مجموعی انتظامی صورتحال، امن و امان کے امور اور صوبے کو درپیش چیلنجز سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا وزیراعلی میر سرفراز بگٹی نے صدر مملکت کو بتایا کہ بلوچستان میں گورننس کو بہتر بنانے، عوامی خدمات کی فراہمی اور سیکیورٹی کے قیام کے لیے قابل عمل حکمت عملی کے تحت ٹھوس اقدامات کئے جاررہے ہیں تاکہ عام آدمی کی بہتری کیلئے حکومتی پالیسیوں اور امور کو نتیجہ خیز بنایا جاسکے اور بہتر سروس ڈلیوری کے زریعے عوامی مشکلات بتدریج کم ہوں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات کے خاطر خواہ نتائج سامنے آ رہے ہیں انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں ترقی اور استحکام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ملاقات میں وزیراعلی نے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے جاری منصوبوں اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم، صحت، مواصلات اور بنیادی ڈھانچے سمیت تمام شعبہ جات میں اصلاحات اور سرمایہ کاری کے لیے کوشاں ہے صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعلی بلوچستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ موجودہ صوبائی حکومت کی قیادت میں بلوچستان ایک پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ صوبہ بنے گا۔