مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی تعداد 55 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے، ایڈمنسٹریٹر

منڈی میں قربانی کے لائے گئے مال مویشیوں کے لیے الگ الگ بلاک مختص کیے گئے ہیں، پارکنگ کی سہولت بھی دستیاب ہے

ہفتہ 17 مئی 2025 21:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2025ء)عیدالضحی میں 20 دن رہ گئے ہیں اور نادرن بائی پاس مویشی دوست منڈی کی رونقیں بڑھنے لگی ہیں جہاں ایڈمنسٹریٹر کے مطابق قربانی کے جانوروں کی تعداد 55 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔کراچی کے علاقے ناردرن بائی پاس میں قائم ایشیا کی سب سے بڑی 1200 ایکڑ رقبے پر پھیلی اس مویشی منڈی میں اب تک 55 ہزار سے زائد قربانی کے جانور لائے جاچکے ہیں، جہاں نایاب اور دیدہ زیب گائے، بیل، بکرے اور خوبصورت نقش و نگار والے اونٹ شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

منڈی میں قربانی کے لائے گئے مال مویشیوں کے لیے الگ الگ بلاک مختص کیے گئے ہیں، مویشی منڈی میں پہلی بار شہریوں کے لیے بڑے بڑے برانڈز کی فرنچائز فوڈ اسٹریٹ میں کھابوں کے لیے قائم کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

مختلف بلاکس میں پہلے دن سے لائیو اسٹاک کے کیمپس قائم ہیں، موٹر سائیکل پر آنے والے شہریوں کے لیے پاس کی سہولت بھی موجود ہے، پہلے سے آدھی قیمت پر موٹرسائیکل کا انٹری پاس 1500 اور بڑی گاڑی کا 3200 میں پورا مہینہ جبکہ ون ڈے پاسز بنوا کر بھی گاڑی لانے کی اجازت ہے۔

ایڈمنسٹریٹر مویشی دوست منڈی فیصل علی کا کہنا تھا کہ منڈی میں جانوروں کے لیے چارہ، پانی اور بجلی کی سہولت 24 گھنٹے موجود ہے، فی جانور 30 لیٹر پانی مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ مویشی دوست منڈی کے اطراف سیکیورٹی کے لیے ایک ہزار پولیس اہلکار تعینات ہیں، پہلے دن سے قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ترجمان مویشی دوست منڈی نادرن بائی پاس ام ایمن نے بتایا کہ لوگ اپنی فیملیز کے ہمراہ فرینڈلی ماحول میں رات کے آخری پہر تک یہاں موجود ہوتے ہیں۔