مون سون بارشوں کا پانی ذخیرہ کرنے کیلئے 2300 کنال کے علاقے میں جھیل بنا دی گئی

جھیل 16 کنال کے رقبے پر بنائی گئی ہے، جس کی گہرائی 20 فٹ ہے اور اس میں پانچ ملین گیلن لیٹر پانی سٹور کرنے کی گنجائش ہے؛ سی بی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل ریاض حسین

Sajid Ali ساجد علی اتوار 18 مئی 2025 10:50

مون سون بارشوں کا پانی ذخیرہ کرنے کیلئے 2300 کنال کے علاقے میں جھیل بنا ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 مئی2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مون سون بارشوں کا پانی ذخیرہ کرنے کیلئے 2300 کنال کے علاقے میں جھیل بنا دی گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب نے لاہور میں مین بلیوارڈ لاہور سے روٹ 47 والٹن روڈ تک کے 2300 کنال کے علاقے میں مون سون کی بارشوں کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے لیے جھیل بنائی ہے، سی بی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل ریاض حسین نے بتایا کہ جب سی بی ڈی بنا تھا تب ہی اس پراجیکٹ پر کام شروع کر دیا گیا تھا اور اب یہ تقریباً مکمل ہو چکا ہے اوربالکل تھوڑا سا کام باقی ہے، 2300 کنال کا پورا ڈریننج سسٹم اس جھیل کے ساتھ جڑا ہے، علاقے میں جتنی بھی بارش ہوگی وہ ہمارے ڈرینیج نیٹ ورک کے ذریعے یہاں آئے گی اور یہاں بنے سیڈیمنٹ ویلز سے ہوتی ہوئی اس جھیل میں چلی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ یہ جھیل 16 کنال کے رقبے پر بنائی گئی ہے، جس کی گہرائی 20 فٹ ہے اور اس میں پانچ ملین گیلن لیٹر پانی سٹور کرنے کی گنجائش ہے، علاقے کے رقبے کے حساب سے مون سون کے تین سے چار بڑے سپیلز اس کے اندر سٹوریج کے لیے آسانی سے آ سکتے ہیں، اس وقت سی بی ڈی میں دو تعمیراتی منصوبے چل رہے ہیں وہاں جتنا بھی پانی استعمال ہو رہا ہے وہ یہاں سے جا رہا ہے، گزشتہ دنوں میں جتنی بارشیں ہوئیں ان کا جو پانی اکٹھا ہوا وہ سارا انہی تعمیراتی سائٹس پر استعمال کیا گیا، اس کے علاوہ جب مون سون میں بڑے بڑے سپیلز آئیں گے اس دوران پانچ ملین گیلن تو اس جھیل میں آ جائے گا لیکن اضافی پانی آٹومیٹیکلی ہمارے انڈر گرائونڈ سسٹم کے تحت ہمارے بنائے گئے چار رین واٹر ری چارج ویلز میں چلا جائے گا اور اس طرح جھیل میں طغیانی نہیں آئے گی۔

سی بی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل کا کہنا ہے کہجھیل کے اندر کائی نہ جمے یا کھڑے پانی میں بدبو پیدا نہ ہو اس کے لیے جھیل میں فوارے لگائے گئے ہیں جو پانی کو متحرک رکھیں گے، ان سے جھیل کا پانی ہی فواروں سے نکل کر جھیل میں ہی گرتا رہے گا اور پانی کو متحرک رکھے گا، مرکزی فوارہ 120 فٹ اونچا پانی پھینکتا ہے جبکہ باقی اردگرد لگے فوارے 50 فٹ تک اوپر جائیں گے، آئندہ آنے والے چند سالوں میں یہاں عوام کے لیے تفریحی سرگرمیاں جیسے فوڈ کورٹ، واک پاتھز وغیرہ بھی بنائے جائیں گے تاکہ شہری یہاں آ کر جھیل سے لطف اندوز ہو سکیں، حکومت کو چاہیے کہ ایسی جھیلیں شہر کے مختلف علاقوں میں بنائی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ بارش کے پانی کو سٹور کیا جا سکے۔