سپریم جوڈیشل کونسل نے چیف الیکشن کمشنر اور 2 ممبران کے خلاف شکایات خارج کر دیں

جوڈیشل کونسل کا اہم فیصلہ پبلک کردیا گیا، سکندر راجہ، نثار احمد اور شاہ محمد کے خلاف 3 الگ الگ شکایات دائرکی گئی تھیں.رپورٹ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 16 اگست 2025 14:09

سپریم جوڈیشل کونسل نے چیف الیکشن کمشنر اور 2 ممبران کے خلاف شکایات خارج ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 اگست ۔2025 )سپریم جوڈیشل کونسل نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور دیگر 2 ممبران نثار احمد اور شاہ محمد کے خلاف شکایات خارج کر دی ہیں نجی ٹی وی کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل کا اہم فیصلہ پبلک کردیا گیا، چیف الیکشن کمشنر سلطان سکندر راجہ، رکن الیکشن کمیشن نثار احمد اور رکن الیکشن کمیشن شاہ محمد کے خلاف 3 الگ الگ شکایات خارج کی گئی ہیں.

(جاری ہے)

سپریم جوڈیشل کونسل کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کے 8 نومبر اور 13 دسمبر 2024 کو اجلاس ہوئے تھے، اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے خلاف شکایت کا جائزہ لیا گیا تھا اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن کے 2 اراکین نثار احمد اور شاہ محمد کے خلاف شکایات کا جائزہ بھی لیا گیا تھا، 3 الگ الگ شکایات کو خارج کر دیا گیا ہے یاد رہے کہ 8 نومبر 2024 کو سپریم جوڈیشل کونسل نے ججز کے خلاف دائر 10 شکایات ٹھوس ثبوت پیش نہ کیے جانے کی بنیاد پر خارج کر دی تھیں جب کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججوں کے ایگزیکٹیو کی جانب سے عدلیہ کے معاملات میں مداخلت کے حوالے سے خط پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا.

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس چیئرمین سپریم جوڈیشل کونسل اور چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی صدارت میں منعقد ہوا تھا اجلاس میں سینئر ترین جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نے شرکت کی تھی اعلامیے کے مطابق دوران اجلاس کونسل نے ایجنڈے میں شامل مختلف آئٹمز پر غور کیا گیا، کونسل نے رولز مرتب کرنے اور اس کے سیکرٹریٹ کے قیام کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا تھا اسی طرح 13 دسمبر 2024 کو سپریم جوڈیشل کونسل نے ججز کوڈ آف کنڈکٹ اور سپریم جوڈیشل کونسل انکوائری پروسیجر میں ترامیم کے لیے جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی تھی.

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق اور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس ہاشم کاکڑ نے شرکت کی تھی اعلامیے کے مطابق اجلاس کے دوران آرٹیکل 209 (8) کے تحت ججز کوڈ آف کنڈکٹ میں ترامیم زیر بحث لائی گئیں سپریم جوڈیشل کونسل پروسیجر آف انکوائری 2005 میں ترامیم پر بات چیت ہوئی تھی.

اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ کوڈ آف کنڈکٹ اور انکوائری پروسیجر میں ترامیم کی سفارش کے لیے جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اجلاس کے دوران آرٹیکل 209 کے تحت ججز کے خلاف 35 شکایات کا جائزہ لیا گیا، 30 شکایات کو نمٹا دیا گیا جبکہ 5 شکایات پر تبصرے طلب کیے گئے تھے.