وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ سے پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنرمحمد اقبال حسین خان کی ملاقات ، دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط پراطمینان کا اظہار

ہفتہ 16 اگست 2025 14:22

وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ سے پاکستان میں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنرمحمد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں بنگلہ دیش کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو یہاں بنگلہ دیش کے ہائی کمشنر محمد اقبال حسین خان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات میں پاکستان ۔ بنگلہ دیش تعلقات، خطے کی صورتحال اور میڈیا کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں بنگلہ دیش کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اعلیٰ سطحی دوروں اور ثقافتی تعاون کے ذریعے تعلقات کو نئی جہت دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لئے میڈیا کے شعبے میں تعاون نہایت اہم ہے، فلم، ڈرامہ اور ڈیجیٹل میڈیا میں اشتراک سے نہ صرف دونوں ممالک کے عوام قریب آئیں گے بلکہ خطے میں مثبت بیانیہ فروغ پائے گا۔ بنگلہ دیش کے ہائی کمشر محمد اقبال یونس نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوستی کا تاریخی بندھن ہمیشہ قائم رہے گا۔ ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں مثبت پیشرفت کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات عنبرین جان اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن بھی موجود تھے۔\932