بی آئی ایس پی آزاد کشمیر: ریجنل ڈائریکٹر کا عہدہ اپ گریڈ

ڈاکٹر عبدالعزیز قریشی نے ڈائریکٹر جنرل بسپ آزادکشمیر ریجن کا چارج سنبھال لیا

اتوار 18 مئی 2025 13:05

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2025ء) چیئرپرسن بی آئی ایس پی محترمہ روبینہ خالد کی بصیرت افروز قیادت اور کاوشوں کی بدولت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈکوارٹر اسلام آباد نے آزاد جموں و کشمیر کے ریجنل ڈائریکٹر (ایس پی ایس-19) کے عہدے کو اپ گریڈ کر کے ڈائریکٹر جنرل (ایس پی ایس-20) بنانے کا اعلان کیا ہے اور ڈاکٹر عبدالعزیز قریشی کو ڈائریکٹر جنرل بسپ آزادکشمیر کے عہدے پر ترقی نہ صرف ایک اہم انتظامی پیش رفت ہے بلکہ ایک دیرینہ مطالبے کی تکمیل بھی ہے، جو ادارے کی مضبوط قیادت اور علاقائی انتظامات کو مؤثر بنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے جس سے انتظامی ڈھانچے میں نمایاں بہتری آئے گی۔

آزادکشمیر ریجن کے آفیسران اور ملازمین نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی روبینہ خالد اور سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر احمد علی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی کی راہ ہموار ہوگی اور انتظامی کارکردگی میں اضافہ ہوگا۔ڈاکٹر عبدالعزیز قریشی نے ڈائریکٹر جنرل بی آئی ایس پی آزاد کشمیر کا چارج سنبھال لیا ہے۔

ڈی جی کے عہدے پر اپ گریڈ یشن اور ترقیابی پر وزراء کرام، اعلیٰ آفیسران اور سماجی شخصیات کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالعزیز قریشی نے وزیر بلدیات اور دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور، وزیر قانون،انصاف و پارلیمانی امور میاں عبد الوحید، منسٹر فار وائلڈ لائف، ماہی پروری اور ترقیاتی اتھارٹی مظفرآباد سردار جاوید ایوب، رکن کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید اور اعلیٰ بیوروکریٹس جن میں سیکرٹری ارشاد قریشی، ادریس عباسی، آفیسر ایسوسی ایشن آزادکشمیر، ڈی جی لائیو اسٹاک ڈاکٹر اعجازاور بی آئی ایس پی آزاد کشمیر کے آفیسران کی جانب سے تہنیتی پیغامات موصول ہونیپر انکا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر عبدالعزیز قریشی نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی روبینہ خالد، سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر احمد علی اور بسپ ہیڈ کوارٹر کے تمام ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اعتماد کو اپنی محنت اور لگن سے پورا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ آزادکشمیر ریجن میں فلاحی منصوبوں کی مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے اور بسپ بینفشریز کی معاشرتی بہتری کے لیے تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

بسپ آفیسران اور ملازمین کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبدالعزیز قریشی کی بطور ڈائریکٹر جنرل تعیناتی ادارے کی قیادت کو مزید مضبوط بنائے گی اور انتظامی امور میں بہتری لائے گی۔ بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کے اس تاریخی اقدام سے نہ صرف ادارے کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا بلکہ سماجی و اقتصادی ترقی کے حوالے سے بھی مثبت تبدیلیاں آئیں گی-