خوشحال گڑھ اور بلی ٹنگ یونین کونسلز میں دو سڑکوں اور خیرماتو روڈ پرآرسی سی پل کے ٹینڈرز ہو چکے ، عنقریب کام شروع ہو گا، وزیر قانون آفتاب عالم ایڈووکیٹ

اتوار 18 مئی 2025 17:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2025ء) خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وعدوں سے تکمیل تک کا سفر کامیابی سے جاری ہے اور حسب وعدہ عوام کے تمام مسائل بتدریج حل کریں گے۔انہوں نے اپنے عزم کا ارادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ حلقے کے لوگوں سے ایسا کوئی وعدہ نہیں کریں گے جسے پورا نہ کیا جا سکے۔

وزیر قانون نے کہا کہ ان کے اور ایم این اے شہریار آفریدی کے مشترکہ فنڈز سے چیئرمین تحصیل گمبٹ ساجد اقبال کی کاوشوں سے ان کے حلقہ نیابت پی کے۔ 90 میں ترتیب وار ہر یونین کونسل میں ترقیاتی کام جاری ہیں اور کام کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے تمام منصوبوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ آفتاب عالم نے کہا کہ حلقہ پی کے۔ 90 کے یونین کونسل خوشحال گڑھ میں 10 کلومیٹر طویل کمر ڈھوک روڈ، یونین کونسل بلی ٹنگ میں 5 کلومیٹر طویل سیاب تا کوٹ روڈ براستہ بندی ڈھوک اور آر سی سی پل خیرماتو روڈ بلی ٹنگ کے ٹینڈرز ہو چکے ہیں جن پر عنقریب عملی کام شروع کر دیا جائے گا جس سے علاقے میں ترقی و خوشحالی کا نیا دور شروع ہو گا اور لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

اس طرح شیخان روڈ پر بھی اسفالٹ کا کام شروع کر دیا گیا ہے، جو تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے۔دریں اثناء وزیر قانون کی ہدایت پر ان کے حلقے کے علاقہ مندونی میں چیئرمین تحصیل گمبٹ ساجد اقبال کی نگرانی میں محکمہ زراعت کے زیر اہتمام جنگلی زیتون کے درختوں میں پھلدار زیتون کی گرافٹنگ کا عمل جاری ہے۔ مجموعی طور پر 9ہزار 6سو 37 جنگلی زیتون کے درختوں کے اندر 25 ہزار 7 سو پھلدار زیتون کی گرافٹنگ کی گئی ہے۔