ڈپٹی کمشنر پشاور کا شدید آندھی و طوفان سے متاثرہ علاقوں کا ہنگامی دورہ

اتوار 18 مئی 2025 20:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2025ء) ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم عظیم کے ہمراہ شدیدآندھی اور طوفان سے متاثرہ گھنٹہ گھرسبزی منڈی، گلبہار، افغان کالونی اور دیگر متاثرہ علاقوں کا فوری دورہ کیا، جہاں انہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا، زخمیوں کی خیریت دریافت کی اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس ناگہانی آفت سے متاثر ہونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور مرحومین کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات مہیا کی جائیں جبکہ درختوں، بجلی کے کھمبوں اور دیگر خطرناک اشیاء کے معائنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ آندھی، طوفان یا خراب موسم کی صورت میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں ، بجلی کی تاروں، کمزور درختوں یا دیواروں کے قریب نہ جائیں۔ ضلعی انتظامیہ پشاور مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے اور امدادی ادارے الرٹ ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :