جہلم ، سوہاوہ ریلوے سٹیشنز پر نئے سٹاپس کا افتتاح کردیاگیا

17سال بعد سوہاوہ سٹیشن کی رونق بحال ہونا خوش آئند ہے، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی

اتوار 18 مئی 2025 22:05

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2025ء)وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے سوہاوہ ریلوے اسٹیشن پر عوامی ایکسپریس کے سٹاپ کا افتتاح کر دیا، اب کراچی سے پشاور کے روٹ پر چلنے والی عوامی ایکسپریس آتے اور جاتے ہوئے سوہاوہ اسٹیشن پر رکے گی۔ اس موقع پر وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہاہے کہ سوہاوہ کی عوام کیلئے یہ بڑا تحفہ ہے،17سال بعد سوہاوہ اسٹیشن کی رونق بحال ہونے پر یہاں کی عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔

سوہاوہ اسٹیشن کے افتتاح کے بعد وزیر مملکت بلال اظہر کیانی جہلم ریلوے سٹیشن پہنچے جہاں انہوں نے رحمن بابا ایکسپریس کے سٹاپ کا افتتاح کیا۔ رحمن بابا ایکسپریس بھی کراچی سے پشاور کے روٹ کی ٹرین ہے۔ اب یہ کراچی سے پشاور آتے ہوئے اور پشاور سے کراچی جاتے ہوئے جہلم سٹیشن پر رکا کرے گی۔

(جاری ہے)

جہلم اور سوہاوہ اسٹیشن پر عوام نے وزیر مملکت بلال اظہرکیانی کا استقبال کیا اور نئے سٹاپس کے قیام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

جہلم سٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ سوہاوہ اور جہلم سمیت دیگر چھوٹے شہروں کے ریلوے سٹیشنز پر سہولیات مہیا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ انہوں نے موقع پر موجود ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے راولپنڈی ڈویژن کو ہدایت کی کہ نئے قائم ہونے والے سٹاپس پر عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔