امریکا کے ساتھ پابندیوں کے خاتمے پر مشتمل منصفانہ معاہدے کے خواہشمند ہیں، ایران

پیر 19 مئی 2025 10:40

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) ایران نے کہا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ پابندیوں کے خاتمے پر مشتمل ایک منصفانہ معاہدے کا خواہشمند ہے۔ العربیہ کے مطابق یہ بات ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے "تہران ڈائیلاگ فورم" سے خطاب کے دوران کہی ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک منصفانہ اور متوازن جوہری معاہدے تک پہنچنے کی کوشش کر رہا ہے،ایرانی عوام کو براہ راست نشانہ بنانے والی ظالمانہ پابندیاں ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ ایران یورپ کے ساتھ اپنے تعلقات کی تجدید کے لیے تیار ہے ، ہم نے کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ایران متعلقہ بین الاقوامی معاہدوں بالخصوص جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی کا پابند ہے اور مغربی شراکت داروں سے اپنے جوہری حقوق کے احترام کی توقع رکھتا ہے اور کسی بھی نئے معاہدے میں مکمل، حقیقی اور واضح پابندیوں کا خاتمہ شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے اشارہ کیا کہ ان کا ملک اب بھی سفارتی حل کے لیے پرعزم ہے۔