فیصل آباد چناب کلب کی انتظامیہ نے گالم گلوچ پر جج اور شہری کی رکنیت ختم کردی

پیر 19 مئی 2025 11:25

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء)فیصل آباد چناب کلب کی انتظامیہ نے گالم گلوچ، نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر ایک جج اور ایک شہری کی رکنیت ختم کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق کلب کے سیکریٹری اصغر علی نے جج منیر حسین گِل اور شہری ضیا اللہ خان کے نام جاری کردہ خط میں کہا کہ انکوائری کمیٹی نے مکمل طریقہ کار اختیار کرتے ہوئے اور انہیں مناسب موقع فراہم کرتے ہوئے اپنی رپورٹ پیش کی، جس میں چارج شیٹ میں لگائے گئے بدتمیزی اور نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے الزامات ثابت ہو گئے ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ وہ سنگین بدتمیزی کے مرتکب پائے گئے ہیں، انکوائری کمیٹی کی سفارش پر متعلقہ مجاز اتھارٹی نے ان کی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔خط میں لکھا گیا کہ انکے انتہائی نامناسب رویے جس میں توہین آمیز زبان کا استعمال اور جسمانی تشدد شامل تھا کے باعث انہیں فوری اور مستقل طور پر کلب سے نکال دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ فیصلہ حتمی ہے اور اس پر کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا کہ واقعے کی ویڈیو، جو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر گردش کر چکی ہے، اس کی وجہ سے کلب کی ساکھ اور اقدار کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، اور آپ کا رویہ قواعد و ضوابط کی صریح خلاف ورزی ہے۔سیکریٹری نے کہا کہ آپ اور آپ کے اہل خانہ کا کلب میں داخلہ سختی سے ممنوع ہے، بطور رکن اور نہ ہی بطور مہمان آپ کلب میں داخل ہوسکتے ہیں، اور آپ پر کلب کی رکنیت حاصل کرنے پر تاحیات پابندی عائد کر دی گئی ہے۔