Live Updates

پیپرا نے ای پروکیورمنٹ اور ریگولیٹری فریم ورک پر 10 ہزار سے زائد افراد کی تربیت مکمل کرنے کا اہم سنگ میل عبور کر لی

پیر 19 مئی 2025 22:31

پیپرا نے ای پروکیورمنٹ اور ریگولیٹری فریم ورک پر 10 ہزار سے زائد افراد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) نے وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت ای پروکیورمنٹ سسٹم اور ریگولیٹری فریم ورک پر 10,000 سے زائد پیشہ ور افراد کو تربیت دے کر ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔یہ بات مینجنگ ڈائریکٹر پیپرا حسنات احمد قریشی نے پبلک پروکیورمنٹ اور کنٹریکٹ مینجمنٹ پر جامع تربیتی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔

اس تربیتی پروگرام کا آغاز پیپرا اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے پروفیشنل ڈیویلپمنٹ سینٹر کے اشتراک سے کیا جارہا ہے، دوسرے بیچ میں چار ماہ پر مشتمل اس تربیتی پروگرام میں 70 سے زائد شرکا شامل ہیں جن میں سرکاری افسران، نجی شعبہ کے ماہرین، سپلائرز، کاروباری ادارے کے اہلکار اور ترقیاتی ماہرین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپلوما پروگرام میں مختلف ماڈیولز شامل ہیں جن میں موثر اور شفاف پبلک پروکیورمنٹ کے بنیادی اصول، قانونی اور ریگولیٹری فریم ورک، پروکیورمنٹ کی استعداد کار میں اضافہ، سٹریٹجک انتخاب کا فریم ورک، منصفانہ انتخاب، انصاف تک رسائی، کنٹریکٹ مینجمنٹ، بین الاقوامی معیارات، بین الاقوامی ڈونر فنڈڈ پروکیورمنٹ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور ای پیڈز کا جائزہ شامل ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی پیپرا حسنات قریشی نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق سرکاری اداروں میں پروکیورمنٹ سیلز قائم کیے جا چکے ہیں جہاں تعینات افسران کو ای پیڈ اور پیپرا کے قواعد و ضوابط سے متعلق جامع تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں اہلیت اور شفافیت کے اصولوں کے تحت انجام دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ پیپرا نے ملک گیر تربیتی پروگرام کو وسعت دی ہے تاکہ پبلک پروکیورمنٹ کے ہر مرحلے پر ماہر پیشہ ور افراد تیار کیے جا سکیں۔

ایم ڈی پیپرا نے پبلک سیکٹر اداروں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ وہ تربیتی پروگرام بھر پور شمولیت اختیار کریں تاکہ قانونی، اخلاقی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق سرکاری خریداری کی منصوبہ بندی، عملدرآمد اور انتظام کی مہارتیں حاصل کی جا سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپرا نے کامیابی سے ای پروکیورمنٹ پلیٹ فارم متعارف کرایا ہے جو ای گورننس کا بنیادی ستون ہے اور جس سے حکومتی اخراجات میں 10 سے 25 فیصد تک بچت ممکن ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نظام شفافیت، لاگت میں کمی، مقابلہ بازی، وقت کی بچت، کاروبار میں آسانی اور کاربن فٹ پرنٹ میں کمی کو فروغ دیتا ہے۔حسنات قریشی کے مطابق اب تک 28,000 سے زائد سپلائرز جن میں 400 غیر ملکی کمپنیاں بھی شامل ہیں، ای پروکیورمنٹ پلیٹ فارم پر رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔ علاوہ ازیں، تقریباً 700 وفاقی، 5000 پنجاب اور 200 سندھ کے پبلک پروکیورمنٹ ادارے اس نظام سے مستفید ہو رہے ہیں۔اس موقع پر پیپراکے سینئر افسران ، ایف بی آر کے سینئر اہلکار و ماہر سرکاری خریداری علی رضا ہنجرا اور پی ڈی سی نسٹ کے جنرل منیجر محمد علی بھی موجود تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات