Live Updates

ہماری مسلح افواج نے دشمن کے طیارے کباڑ کی دکانوں کی زینت بنا دیئے‘احسن اقبال

پیر 19 مئی 2025 22:35

ہماری مسلح افواج نے دشمن کے طیارے کباڑ کی دکانوں کی زینت بنا دیئے‘احسن ..
نارووال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء)وفاقی وزیر منصوبہ بندی،ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ جنگیں تعداد سے نہیں،جذبہ اورصلاحیت سے لڑی جاتیں ہیں ،ہماری مسلح افواج نے دشمن کے طیارے کباڑ کی دکانوں کی زینت بنا دیئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب معروف قصبہ قلعہ احمد آباد میں ریسکیو1122 سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہماری مسلح افواج نے ثابت کیا کہ جنگیں تعداد سے نہیں صلاحیت سے لڑی جاتی ہیں،ہمارے سپہ سالاراور وزیراعظم نے بھارت کو ایسا پنچ مارا کہ اسے دن کو تارے نظر آ گئے، دو گھنٹے میں بھارت کی چیخیں امریکہ تک پہنچ گئیں ، اسے رافیل پہ بڑا ناز تھا، شاہینوں نے بلندی سے زمین پر پٹک دِیا .بھارت کے کروڑوں کے خریدے گئے جہاز کباڑیوں کی دکانوں کی زینت بن گئے۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا اگر نالائق ملک پر مسلط نہ کیا جاتا اور ہمیں پانچ سال حکومت کرنے دی جاتی تو آج پاکستان کا شمار 25 بہترین معیشتوں میں ہوتا۔ پاکستان میں اس وقت ایسی قیادت نہیں تھی جو کہتی کہ کیا اب میں حملہ کروں موجودہ قیادت اور افواج پاکستان نے بھارت کو دن میں تارے دکھا دیئے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے 32 ارب ڈالر کی ایکسپورٹ کو 100 ارب تک لیکر جانا ہے،ہم نے اگر خوددار خوشخال قوم بننا ہے تو معیشت کو ٹیکنالوجی سے لنک کرنا پڑیگا ، ہمیں ہر شعبہ کی پیداواری صلاحیت میں کوالٹی لانی ہوگی، آنے والا دور آء ٹی اوراے آئی کا دور ہے ، ہمارے نوجوان مستقبل کا مقابلہ انڈے، کٹوں ، مرغیوں سے نہیں کرسکتے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم نوجوانوں ینہکو گالم گلوچ، نفرت اورانتشار نہیں دے رہے، ہم نوجوانوں کو یونیورسٹیاں، سکالرشپ اور آء ٹی سکلز دے رہے ہیں۔تقریب میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نعیم اختر،ریسکیو اہلکاروں سمیت صوبائی ممبران اسمبلی اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات