نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں: خواجہ سلمان رفیق

پیر 19 مئی 2025 22:24

نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں: خواجہ سلمان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2025ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے علامہ اقبال میڈیکل کالج میں انٹرنیشنل نرسز ڈے 2025 کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر وحید اصغر، پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیبہ وسیم، ایم ایس جناح ہسپتال ڈاکٹر سید محسن علی شاہ، پرنسپل کالج آف نرسنگ ڈاکٹر فرزانہ، ڈی جی نرسنگ طاہرہ پروین اور نرسوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے بنیادی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ حال ہی میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے تین ہزار نرسوں کی بھرتی کا عمل مکمل کیا ہے۔

(جاری ہے)

نرسوں کے جدید تقاضوں کے مطابق ریفریشل کورسز کروائے جا رہے ہیں۔

سرکاری ہسپتالوں میں نرسیں بہترین فرائض سر انجام دے رہی ہیں۔نرسنگ کا شعبہ نظام صحت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ بھارتی حملوں میں زخمی ہونے والے پاکستانیوں کو سرکاری ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کی مطابق نرسنگ شعبہ کو جدید تقاضوں کے مطابق پروان چڑھانا چاہتے ہیں۔

حکومت پنجاب نرسنگ کے معیار کو یقینی بنانے اور نرسوں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے بنیادی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے اشتراک سے نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے اہم اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب نے نرسنگ کری کولم کو عالمی معیار کے مطابق اپ ڈیٹ کر دیا ہے۔ نرسنگ شعبہ کی بہتری کیلئے نرسنگ ایجوکیٹرز کی بھرتی، نرسز پریکٹیشنرز کے دائرہ کار میں وسعت اور ریموٹ ایریاز کی سٹوڈنٹس کو سکالرشپس و انسینٹوز دیئے جا رہے ہیں۔ رواں برس 1400 مزید سٹوڈنس سپیشل ایوننگ بیچ کو جوائن کریں گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے تمام نرسز کی خدمات کو بے حد سراہا۔