اسرائیلی جاسوس کوہن کی اشیا شام سے منتقل کرنے کاانکشاف

منتقل کی گئی اشیا شامی انٹیلی جنس نے اپنے سرکاری آرکائیو میں رکھی تھیں،رپورٹ

پیر 19 مئی 2025 13:33

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء)اسرائیلی موساد کے ایک خفیہ آپریشن میں مشہور اسرائیلی جاسوس ایلی کوہن سے تعلق رکھنے والے تقریبا 2,500 دستاویزات، تصاویر اور ذاتی اشیا کو اسرائیل کے اندر منتقل کیا گیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق اسرائیل کو سینکڑوں دستاویزات اور ذاتی اشیا ملی ہیں جو کوہن سے تعلق رکھتی ہیں۔ یہ اشیا شامی انٹیلی جنس نے اپنے سرکاری آرکائیو میں رکھی تھیں۔

اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر نے بعد میں ایک بیان میں اعلان کیا کہ ان کی پھانسی کے 60 سال سے زیادہ بعد کوہن کی تقریبا 2,500 دستاویزات، تصاویر اور ذاتی اشیا لائی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوہن کا سرکاری شامی آرکائیو اسرائیل لایا گیا ہے جس میں ہزاروں نوادرات شامل ہیں جو شامی سکیورٹی فورسز نے کئی دہائیوں سے انتہائی خفیہ طریقے سے محفوظ کیے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ مواد 18 مئی 1965 کو دمشق کے مرجہ کے مرکزی چوک میں ان کی پھانسی کی 60 ویں برسی کی تیاری میں منتقل کیا گیا تھا۔انہوں نے وضاحت کی کہ اصل دستاویزات اور ذاتی اشیا کی ایک تعداد ان کی بیوہ نادیہ کوہن کو پیش کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپرد کی گئی دستاویزات میں ان کی اصل وصیت بھی شامل ہے جو انہوں نے اپنی پھانسی سے چند گھنٹے قبل لکھی تھی۔

اس کی صرف ایک نقل اب تک عوام کے سامنے لائی گئی ہے۔بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ شامی انٹیلی جنس نے یہ مواد جنوری 1965 میں ان کی گرفتاری کے بعد جمع کیا تھا جس میں کوہن اور ان حکام کے ساتھ ان کی تحقیقاتی معاملات پر گفتگو کی ریکارڈنگ اور دستاویزات شامل ہیں جن کا ان سے رابطہ تھا۔ وہ خطوط بھی ہیں جو انہوں نے اپنے خاندان کو لکھے تھے۔ شام میں اپنے آپریشنل مشن کے دوران ان کی سرگرمیوں کی تصاویر اور گرفتاری کے بعد ان کے گھر سے لی گئی ذاتی اشیا بھی اسرائیل لائی گئی ہیں۔

اسرائیل نے کئی دہائیوں سے اپنے مشہور جاسوس کے بارے میں کسی بھی معلومات کے ساتھ ساتھ ان کی باقیات کے مقام کو جاننے کی کوشش کی ہے لیکن وہ اب تک ان کی پھانسی کے بعد ان کی تدفین کی جگہ کا پتہ لگانے میں ناکام رہا ہے۔ خاص طور پر آج اس وسیع آرکائیو کی دریافت کے اعلان میں ان کی باقیات کا تذکرہ نہیں کیا گیا۔ کچھ سال قبل، اسرائیلی حکام کو ان کی کلائی کی گھڑی مل گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :