ٹرمپ کا لوزیانا کے شہر نیو اورلینزمیں وفاقی فوجی دستے بھیجنے کا اعلان

جرائم کی روک تھام کے لیے ریاست لوزیانا میں وفاقی فوجی دستے بھیج رہے ہیں ، امریکی صڈر

جمعرات 4 ستمبر 2025 16:17

ٹرمپ کا لوزیانا کے شہر نیو اورلینزمیں وفاقی فوجی دستے بھیجنے کا اعلان
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2025ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ جرائم پر قابو پانے کے لئے وفاقی فوجی دستے ریاست لوزیانا کے شہر نیو اورلینز بھیجنے پر غور کر رہے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق انہوں نے پولینڈ کے صدر کارول ناوروکی کے ساتھ ملاقات کے آغاز پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتظامیہ اس بات پر غور کر رہی ہے کہ امریکی ریاست الی نوائے کے شہر شکاگو یا ریاست لوزیانا کے شہر نیو اورلینز جیسے کسی شہر میں فوجی دستے بھیجے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکی ریاست لوزیانا کے شہر نیو اورلینز میں جرائم کا مسئلہ ہے۔ ہم وہاں شاید وفاقی فوجی دستے بھیج کر یہ مسئلہ تقریبا دو ہفتوں میں حل کر دیں گے۔انہوں نے امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹیمور میں جرائم کی صورتحال پر بھی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہاں جرائم کی سطح ایسی ہے جو پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی اور اگر ان سیدرخواست کی گئی تو وہ وہاں بھی فوج بھیجنے پر غور کریں گے۔

(جاری ہے)

اگر فوجی دستے بالٹیمور بھیجے گئے، تو ہم وہاں بھی یہ مسئلہ بہت جلد حل کر سکتے ہیں اور میرے خیال میں ہم تقریبا صرف اس وقت کا انتظار کر رہے ہیں جب ہمیں باضابطہ درخواست کی جائے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو شکاگو میں نیشنل گارڈ کیدستے تعینات کرنے کا اعلان بھی کیا تھا ، تاہم انہوں نے وقت یا طریقہ کار کی وضاحت نہیں کی۔