Live Updates

سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں بنیان مرصوص کی کامیابی پر یوم فخر و یکجہتی کا انعقاد

پیر 19 مئی 2025 17:25

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں یومِ فخر و یکجہتی کا انعقاد کیا گیا ،جس میں پاکستان آرمی کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کو یہ اعزاز حاصل ہوا کہ سٹیشن کمانڈرپاکستان آرمی جواد ریاض باجوہ نے ایک باوقار تقریب میں چیمبر کا دورہ کیا جو کہ بنیان مرصوص کی کامیابی اور پاکستان آرمی کی قومی سلامتی، حکمت عملی کی مہارت اور انسانی خدمت کے عزم کو سراہنے کے لیے منعقد کی گئی۔

اس موقع پر صدر سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز خواجہ یاسر قیوم، سینئر نائب صدر میاں محمد عمران، پیٹرن اِن چیف عامر عطا باجوہ، معزز سابق صدور مرزا فضل الرحمٰن، شیخ ضیاء امین، شیخ نوید، اراکین مجلس عاملہ اور دیگر ممبران سرگودھا چیمبر نے مہمانِ خصوصی کو پرتپاک خوش آمدید کہا۔

(جاری ہے)

دورہ کے دوران مہمانِ خصوصی کے ساتھ مفید گفتگو ہوئی، جس میں بنیان مرصوص کے مقاصد اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی گئی، جو پاکستان آرمی کے وژن اور جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔

چیمبر کی قیادت نے مادرِ وطن کے ان نڈر محافظوں کی بے لوث خدمات اور قومی دفاع میں ان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر صدر کی جانب سے سٹیشن کمانڈرپاکستان آرمی جواد ریاض باجوہ کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی جو پاکستان آرمی کی عظیم خدمات اور پائیدار عزم کے اعتراف کے طور پر پیش کی گئی۔ بعدازاں کیک بھی کاٹا گیا جو افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور ان کی بے مثال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی علامت تھی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات