Live Updates

نیشنل بینک جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تیز اور محفوظ بینکاری خدمات کیلئے پُرعزم

پیر 19 مئی 2025 22:56

نیشنل بینک جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تیز اور محفوظ بینکاری خدمات کیلئے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء) نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) نے صارفین کو جدید اور اعلیٰ معیار کی خدمات کی فراہمی کے لیے اپنی بینکاری ٹیکنالوجی پلیٹ فارم کو کامیابی کے ساتھ اًپ گریڈ کردیا ہے۔ یہ اسٹریٹجک اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ این بی پی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے خدمات کو موثر، تیز اور صارف دوست بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

نئے اًپ گریڈ شدہ پلیٹ فارم کے ذریعے تیز رفتار ٹرانزیکشن پراسیسنگ، سسٹم کی بندش کے دورانیے میں نمایاں کمی اور بینک برانچوں کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل چینلز پر بھی آپریشنل کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ جدید انفرااسٹرکچر کی مدد سے این بی پی ملک اور بیرون ملک لاکھوں صارفین کو تیز، اسمارٹ اور زیادہ محفوظ بینکاری خدمات فراہم کر سکے گا۔

(جاری ہے)

کارکردگی میں بہتری کے ساتھ ساتھ اس نظام میں جدید ترین سکیورٹی فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں، جو صارفین کے ڈیٹا کو تحفظ فراہم کرتے ہیں اور فراڈ یا دھوکہ دہی کے خطرات کو نمایاں طور پر کم کرتے ہیں۔

اس کے علاوہ صارفین کو ٹیکنالوجی پر مبنی تجزیات اور ذاتی نوعیت کے مالیاتی ٹولز کے ذریعے آسان اور مؤثر موبائل و ڈیجیٹل بینکاری سہولتیں میسر آئیں گی۔بینک کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے میں این بی پی کی سرمایہ کاری اُس کے طویل مدتی وژن کی عکاسی کرتی ہے جس کا مقصد نیشنل بینک کو ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا اور صارفین کو اولین ترجیح دینے والا جدید ادارہ بنانا ہے۔

اس انقلابی تبدیلی کے نتیجے میں این بی پی نے خود کو نہ صرف تیز رفتاری کے ساتھ مؤثر خدمات کی فراہمی کے قابل بنالیا ہے بلکہ عالمی مالیاتی ٹیکنالوجی کے معیار اور ریگولیٹری تقاضوں سے ہم آہنگ بھی کرلیا ہے۔یہ پلیٹ فارم اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے کہ مستقبل میں بینک کی ترقی، نئی شاخوں کا انضمام اور مختلف ڈیجیٹل چینلز میں رابطے کو آسان بنایا جاسکے۔

یہ نظام فِن ٹیک پلیٹ فارمز اور تھرڈ پارٹی سروسز کے ساتھ ہم آہنگی کے لیے بھی موزوں ہے۔ اس سے بینکاری کا مربوط اور جدید نظام فروغ پائے گا، جس کا مقصد مستقبل کی ڈیجیٹل اور جدید بینکاری خدمات کے لیے مستحکم بنیاد فراہم کرنا ہے۔این بی پی اپنے معزز صارفین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہے جنہوں نے اس اہم تبدیلی کے دوران بھرپور تعاون اور اعتماد کا مظاہرہ کیا۔یہ کامیابی بینک کے مشن میں اہم سنگ میل ہے، جو پاکستان اور بین الاقوامی سطح پر عالمی معیار کی بینکاری خدمات فراہم کرنے کے عزم کو مزید مستحکم بناتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات