ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف سرگودھا میں جدید ڈیٹا سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا

پیر 19 مئی 2025 17:58

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا نے جدید ڈیٹا سنٹر کا افتتاح کر دیا،اس سلسلہ میں ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا ،جس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا بطورمہمان خصوصی شریک ہوئے اورڈیٹا سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اُن کے ہمراہ ڈائریکٹر آئی ٹی اشتیاق احمد گوندل، رجسٹرار وقار احمد، یونیورسٹی ڈینز اور انتظامی دفاتر کے سربراہان بھی موجود تھے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصرعباس نے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیٹا سنٹرتعلیمی و انتظامی نظام کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مؤثر بنانے کی یونیورسٹی کی کوششوں کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سہولت داخلی نظام کو مؤثر بنانے، ڈیٹا مینجمنٹ کو بہتر کرنے اور طلبہ، اساتذہ و عملے کو بہتر ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنے میں مدد دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات قومی سطح پر متعین اہداف سے ہم آہنگ ہیں، جن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کا علاقائی ڈیٹا سنٹرز کے قیام کا وژن شامل ہے تاکہ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ڈیجیٹل انضمام اور جدت کو فروغ دیا جا سکے۔ڈائریکٹر آئی ٹی اشتیاق احمد گوندل نے وائس چانسلر کی مسلسل رہنمائی اور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی قیادت میں یونیورسٹی میں لرننگ مینجمنٹ سسٹم اور کیمپس مینجمنٹ سسٹم جیسے اہم ڈیجیٹل نظام پہلے ہی نافذ کیے جا چکے ہیں اور اب یہ ڈیٹا سینٹر ڈیجیٹل بہتری کی جانب ایک اور اہم سنگ میل ہے۔

اشتیاق احمد گوندل نے بتایا کہ اس ڈیٹا سنٹرکے ذریعے یونیورسٹی کے تعلیمی اور غیر تدریسی شعبہ جات میں تیز رفتار انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی، سمارٹ یونیورسٹی وائی فائی، عالمی وائی فائی رومنگ، ویڈیو کانفرنسنگ، لین انفراسٹرکچر، آفیشل ای میل سروسز، مختلف شعبہ جات کے لیے سرور و ایپلیکیشن ہوسٹنگ اور کیمپس ڈومین یوزر رجسٹریشن جیسی خدمات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ڈیٹا سنٹر یونیورسٹی کی ڈیجیٹل صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا، ڈیٹا ہینڈلنگ کو بہتر بنائے گا اور تعلیمی و انتظامی دونوں شعبوں میں مؤثر کارکردگی کو فروغ دے گا۔افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال، ڈین فیکلٹی آف آئی ٹی و کمپیوٹنگ پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس، ڈین فیکلٹی آف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عامر علی سمیت دیگر انتظامی افسران نے بھی شرکت کی۔