پاکستان کی تقدیر نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، نوجوانوں کی تکنیکی مہارتوں میں اضافہ اولین ترجیح ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال

جمعہ 1 اگست 2025 23:08

پاکستان کی تقدیر نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، نوجوانوں کی تکنیکی مہارتوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2025ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے جمعہ کونیوٹیک اور ہازہ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے درمیان طے پانے والے اہم معاہدے کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں نوجوانوں کی اہمیت، تکنیکی مہارتوں کی ضرورت اور ملکی ترقی میں سی پیک اور "اڑان پاکستان" پروگرام کے کردار پر روشنی ڈالی۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی تقدیر نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی دو تہائی آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے جو ملک کو دنیا کی سب سے بڑی نوجوان ورک فورس والے ممالک میں شامل کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روایتی ملازمتوں کا دائرہ محدود ہو رہا ہے اور مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، بگ ڈیٹا اور گرین ٹیکنالوجی نے دنیا کی سمت بدل دی ہے جس کے باعث نئی مہارتوں کی غیر معمولی مانگ پیدا ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ یہ معاہدہ 'اڑان پاکستان پروگرام' اور 'سی پیک وژن' کی مشترکہ عکاسی ہے جو ملک کو صنعتی ترقی اور خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون، بزنس ٹو بزنس روابط اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ اگلے چند برسوں میں سی پیک کے تحت ہزاروں نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

اس ضمن میں "اڑان پاکستان پروگرام" حکومت کے "فائیو ایز" معاشی تبدیلی منصوبے کا کلیدی ستون ہے جس کے تحت نوجوانوں کی تکنیکی مہارتوں میں اضافہ اولین ترجیح ہے۔احسن اقبال نے مزید کہا کہ حکومت چینی ماڈل کی طرز پر ووکیشنل ایکسی لینس سینٹرز قائم کرے گی تاکہ جدید صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ افرادی قوت تیار کی جا سکے۔ "اڑان پاکستان" کو رہنمائی چین کے کامیاب ووکیشنل ماڈل سے حاصل ہوگی جو نوجوانوں کے لیے عملی مہارتوں اور ملازمت کے مواقع فراہم کرے گا۔یہ معاہدہ پاکستان میں نوجوانوں کی ترقی، صنعتی بہتری اور عالمی ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگی کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔