سعودی ایئرلائن نے 10 سال بعد ایران سے پروازیں بحال کر دیں

پیر 19 مئی 2025 20:11

سعودی ایئرلائن نے 10 سال بعد ایران سے پروازیں بحال کر دیں
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2025ء)سعودی عرب کی ایئرلائن فلائی ناس نے 10 سال کے وقفے کے بعد ایران سے باقاعدہ فلائٹ آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔اس پیشرفت کو سعودی عرب اور ایران کے تعلقات میں اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق فلائی ناس کا پہلا طیارہ گزشتہ رات تہران ایئرپورٹ پہنچا، جہاں سے حاجیوں کو لے کر سعودی عرب روانہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

سعودی سول ایوی ایشن کے مطابق ایران کے لیے فلائٹس 2025 کے حج آپریشن کے سلسلے میں بحال کی گئی ہیں۔ ان پروازوں میں ایرانی شہر مشہد سے بھی حاجیوں کو لے جانے کا انتظام کیا گیا ہے۔سعودی حکام کا کہنا ہے کہ فلائی ناس یکم جولائی تک تقریباً 37 ہزار ایرانی حاجیوں کو سفری سہولیات فراہم کرے گی۔یاد رہے کہ ایران اور سعودی عرب کے تعلقات مارچ 2023 میں چین کی ثالثی سے بحال ہوئے تھے۔ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی تھی جب 2016 میں ایران میں سعودی سفارتخانے پر حملہ ہوا تھا، جس کے بعد سعودی عرب نے ایران سے سفارتی تعلقات منقطع کر دیے تھے۔