عوام کو بہتر اور معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

پیر 19 مئی 2025 21:50

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2025ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے محکمہ تعلیم کے سٹیئرنگ کمیٹی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ عوام کو بہتر اور معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ نظام تعلیم کی بہتری کے حوالے سے مختلف اصلاحات متعارف کرارہے ہیں اور محکمے کو درپیش مسائل بروقت حل کئے جارہے ہیں۔

محکمہ تعلیم میں سٹاف کی کمی دور کرنے کیلئے سیکرٹری سروسز کو ہدایت کی گئی ہے کہ خالی آسامیوں پر بھرتیاں میرٹ کے تحت ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے جلد عمل میں لائی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے سیکرٹری تعلیم کو ہدایت کی کہ سیپ، بی ای سی ایس اور این سی ایچ ڈی کے اساتذہ کی مستقلی کا مسئلہ خالی آسامیوں کی تقسیم کار کے تحت جلد کی جائے۔

(جاری ہے)

پاسنگ بی ایڈ کی تاریخ سے 16 سکیل دینے کیلئے اساتذہ کی اپیل پر وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکرٹری سروسز، سیکرٹری تعلیم، محکمہ خزانہ اور وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے نمائندے پر مشتمل خصوصی کمیٹی تشکیل دینے ہوئے ہدایت دی کہ کمیٹی اپنی سفارشات جلد مکمل کرکے متعلقہ فورم میں پیش کرے۔

اس موقع پر پبلک سکول اینڈ کالج گلگت کے اساتذہ کی فلاح و بہبود کے حوالے سے قائم کئے جانے والے کمیٹی کو آئندہ اجلاس میں سفارشات کو حتمی شکل دے کر پیش کرنے کے احکامات بھی دیئے گئے۔ صوبائی سیکرٹری سکول ایجوکیشن اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے محکموں کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں سابقہ سٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمدکا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

متعلقہ عنوان :