گورنرسے تحصیل بار ایسوسی ایشن کبل کے نمائندہ وفد کی ملاقات

وکلاء برادری نے ملک میں آئین، قانون اور جمہوریت کے تحفظ و فروغ میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے،فیصل کنڈی

منگل 20 مئی 2025 23:17

گورنرسے تحصیل بار ایسوسی ایشن کبل کے نمائندہ وفد کی ملاقات
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے منگل کے روز تحصیل بار ایسوسی ایشن کبل کے نمائندہ وفد نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک فضل قدیم خان ایڈووکیٹ کر رہے تھے۔وفد میں نائب صدر حمیدخان ایڈوکیٹ،جنرل سیکرٹری میاں محمدریاض ایڈوکیٹ، جاویداقبال ایڈوکیٹ اوردیگر شامل تھے۔

ملاقات میں گورنر کو بارایسوسی ایشن اور وکلاء برادری کو درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کیاگیا۔

(جاری ہے)

وفد نے وکلاء کے لیے سہولیات کی کمی اور سیکیورٹی سے متعلق امور سمیت متعدد مسائل پر روشنی ڈالی۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری نے ملک میں آئین، قانون اور جمہوریت کے تحفظ و فروغ میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ جمہوری جدوجہد میں وکلاء کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور ان کا کردار قابل تحسین ہے۔گورنر نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام جائز مسائل اور مطالبات کو متعلقہ اداروں کے نوٹس میں لایا جائے گا اور ترجیحی بنیادوں پر ان کا حل ممکن بنایا جائے گا۔