Live Updates

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

منگل 20 مئی 2025 23:11

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے گزشتہ شب خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں مختلف کامیاب آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے آپریشنز کے دوران شہید ہونے والے سپاہی فرہاد علی طوری اور سپاہی صابر آفریدی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ خوارج اور دہشت گرد عناصر کی پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی سازشیں ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سپاہی فرہاد علی طوری اور سپاہی صابر آفریدی نے جس بہادری سے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اسے کبھی بھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

سردار ایاز صادق نے شہدا کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہداء کے اہلخانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کے امن و استحکام کے لئے جو قربانیاں دے رہی ہیں وہ قابل فخر ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے اور کسی کو بھی پاکستان کے امن و سلامتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سپیکر قومی اسمبلی نےشہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات