Live Updates

۶سانحہ 28 اپریل نہ صرف نوشکی بلکہ بلوچستان کے بدترین سانحات میں سے ایک ہے، متحدہ اپوزیشن میونسپل کمیٹی نوشکی

منگل 20 مئی 2025 04:35

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مئی2025ء) متحدہ اپوزیشن میونسپل کمیٹی نوشکی کے کونسلرز کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ سانحہ 28 اپریل نہ صرف نوشکی بلکہ بلوچستان کے بدترین سانحات میں سے ایک ہے، جس میں بدقسمتی سے اب تک 32 سے زائد قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، جبکہ تقریبا 40 افراد جھلس کر زخمی ہوئے، جو اس وقت مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے زیادہ تر افراد اپنے خاندانوں کے کفیل تھے۔ حادثے کے بعد ان متاثرہ گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں، جس کی وجہ سے شہدا کے لواحقین نانِ شبینہ کے محتاج ہو چکے ہیں۔ زخمیوں کے خاندان بھی مالی طور پر شدید مشکلات کا شکار ہیں اور علاج معالجے سمیت دیگر اخراجات برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتے انھوں نے مطالبہ کیا کہ میونسپل کمیٹی نوشکی کا موجودہ ترقیاتی بجٹ، جو 13 کروڑ 25 لاکھ روپے پر مشتمل ہے، اسے اس افسوسناک سانحے کے متاثرین، یعنی 32 شہدا کے لواحقین اور جھلس کر زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں میں تقسیم کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس مالی مدد سے شہدا کے خاندانوں کی مشکلات کچھ حد تک کم ہو سکیں گی، اور زخمیوں کے اہل خانہ بہتر طریقے سے ان کا علاج جاری رکھ سکیں گے۔انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ میونسپل کمیٹی نوشکی کی خالی آسامیوں پر شہدا کے اہل خانہ میں سے افراد کو ترجیحی بنیادوں پر ملازمت دی جائے، تاکہ ان کے مستقل معاشی و روزگار کے مسائل کسی حد تک حل ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہم قوی امید رکھتے ہیں کہ چیئرمین اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کمیشن کی پرواہ کیے بغیر، انسانی ہمدردی کے تحت ہماری اس سفارش پر عمل کرتے ہوئے ترقیاتی فنڈز شہدا اور متاثرین کے خاندانوں میں تقسیم کریں گے، اور اپنی نااہلی و کرپشن سے جنم لینے والے اس المناک سانحے کے گناہوں کا کسی حد تک ازالہ کریں گے۔

ا انہوں نے صوبائی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ سانحہ نوشکی کے تمام شہدا کوفوری طور پر سرکاری شہید قرار دیا جائے اور زخمیوں کے خاندانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے، تاکہ ان کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے، کیونکہ یہ تمام خاندان غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات