نائٹروجنی بائیو کھاد کے استعمال سے پھلی دار فصلوں کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا جاسکتا ہے،ڈاکٹر مقصود احمد

منگل 20 مئی 2025 15:45

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ و کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز سیالکوٹ ڈاکٹر مقصود احمد نے کہا ہے کہ نائٹروجنی بائیو کھاد کے استعمال سے پھلی دار فصلوں کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا جاسکتا ہے، یہ کھاد پھلی دار فصلوں بشمول سویا بین، چنا، مونگ، ماش، مٹر، جنتر، مونگ پھلی وغیرہ کےلئے انتہائی مفید ہے ، بائیو کھاد کی اہمیت وقت کے ساتھ ساتھ تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے کیونکہ اس کا استعمال زمین کی تیزی سے کم ہوتی ہوئی قدرتی زرخیزی کو روکنے میں معاون ثابت ہوا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ بائیو کھاد کے استعمال سے پھلی دار فصلوں کی پیداوار میں 15سے100فیصد تک اضافہ ممکن ہے،بائیو کھاد ایسے جرثوموں پر مشتمل ہوتی ہے جن کی زمین میں موجودگی اس کی قدرتی زرخیزی کو نہ صرف برقرار رکھتی بلکہ موافق حالات میں اسے بڑھانے کا پیش خیمہ بھی ثابت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ نائٹروجنی بائیو کھاد پاکستان میں اگنے والی پھلی دار فصلوں بشمول سویا بین، چنا، مونگ، ماش، مٹر، جنتر، مونگ پھلی وغیرہ کیلئے انتہائی مفید پائی گئی ہے جس سے ان فصلوں کی پیداوار میں 15سے 100فیصد تک اضافہ بھی ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار بائیو کھاد کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ انہیں بہتر پیداوار کے حصول میں مدد مل سکے۔