حاصل پور کا نوجوان وارث علی ولد لعل دین اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے جاں بحق

منگل 20 مئی 2025 17:17

چشتیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مئی2025ء) چشتیاں کے قریب شہرفرید گولہ روڈ پر کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پولیس بہاولنگر اور اشتہاری مجرمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ کے نتیجہ میںلاہور سمیت مختلف شہروں میں چوری ڈکیتی راہزنی کی 37وارداتوں میں ملوث ڈاکوئوں کے بین الاضلاعی گروہ کا سرغنہ حاصل پور کا نوجوان وارث علی ولد لعل دین اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگیا۔

محکمہ کرائم کنٹرول بہاولنگر کے انچارج انسپکٹر عارف محمود نے تھانہ سٹی بی ڈویژن چشتیاں پولیس کو بتایا کہ وہ علی الصبح دیگر پولیس افسران و جوانوں کے ہمراہ اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے گولہ روڈ پر موجود تھے کہ الہ آباد کی جانب سے ایک موٹرسائیکل جس پر تین افراد سوار تھے آتا دکھائی دیا تو اسے روکنے کیلئے ٹارچ سے اشارے کئے لیکن انہوں نے پولیس پر سیدھی فائرنگ شروع کردی کہ پولیس جوانوں نے گاڑی کی اوٹ لیکر حفاظت خوداختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی تو ملزمان فرار ہونے لگے ۔

(جاری ہے)

فائرنگ کا سلسلہ رکا تو دیکھا کہ ایک مسلح نوجوان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوکر پڑا ہے جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبحق ہوگیا۔پولیس نے مرنے والے شخص کی تلاشی لی تو ایک پسٹل 30بور،گولیاں،ڈرائیونگ لائسنس ،شناختی کارڈ،نقد رقم 1400روپئے برآمد ہوئے اور ملزم کی شناخت وارث علی ولد لعل دین سکنہ جالندھر کالونی حاصل پور ہوئی۔تھانہ سٹی بی ڈویژن چشتیاں پولیس نے محکمہ کرائم کنٹرول بہاولنگر کے انسپکٹر عارف محمود کی درخواست پر دو مفرور ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 302/324/353//186/34 اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی ہے۔