محکمہ لائیو سٹاک میں پیرا ویٹرنری سٹاف میں موٹر بائیکس کی تقسیم کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

منگل 20 مئی 2025 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) محکمہ لائیو سٹاک میں پیرا ویٹرنری سٹاف میں موٹر بائیکس کی تقسیم کے حوالے سے تقریب کا انعقاد ہوا۔صوبائی وزیر لائیو سٹاک و زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پرسیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب ثاقب علی عطیل کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل، ڈائریکٹر جنرلز اور محکمہ کے افسران بھی موجود تھے۔

ڈائریکٹر جنرل توسیع ڈاکٹر محمد اشرف نے تمام معززین مہمان گرامی کو خوش آمدید کہا۔ صوبائی وزیر لائیو سٹاک و زراعت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے فراخدلی دکھاتے ہوئے پیرا ویٹس کی ٹرانسپورٹیشن اور موٹر سائیکل کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے فنڈز کی منظوری دی ہے۔جس سے وہ بغیر کسی سود کے ماہانہ آسان اقساط پر موٹر سائیکل رکھ سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیرا ویٹس دوردراز علاقوں میں مویشی پال کسانوں کے جانوروں کی دیکھ بھال،ان کو بیماری سے بچانے کے لیے ویکسین کی بروقت فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے تاریخ میں پہلی بار پچھلے سال اپنی حکومت کے پہلے بجٹ میں لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے لیے 20 ارب روپے کے فنڈز مختص کئے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پیرا ویٹرنری سٹاف کو کل 7ہزار موٹر بائیکس دو مرحلے میں فراہم کی جائیں گی،پہلے مرحلہ میں آج 3412موٹر بائیکس تقسیم کی جا رہی ہیں۔

موٹر بائکس کا ڈیزائن پیرا ویٹس کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے مزید کہا کہ نئی بائیکس محکمہ لائیو سٹاک کی استعداد کار میں اضافے کا سبب بنیں گی۔ مجھے قوی امید ہے کہ نئی موٹر بائیکس ملنے کے بعد پیرا ویٹس اور زیادہ لگن سے مویشی پال حضرات کو خدمات فراہم کریں گے،بہترین کارکردگی دکھانے والے پیرا ویٹس کو انعامات بھی دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے دور میں 2ہزار لائیو سٹاک افسران اور عملہ کی پروموشن کی گئی ہے۔سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ تاریخ میں پہلی بار موجودہ حکومت نے محکمہ لائیو سٹاک کے افسران اور عملہ کی کارکردگی جانچنے کا اصول متعارف کروایا ہے جس کے تحت ہر محکمہ کا وہ ملازم جو مقررہ وقت میں اپنے اہداف مکمل کرئے گا اسے ترقی اور ریوارڈ بھی دیا جائے گا۔

پیرا ویٹس کی آپ کی کوششوں سے ایف ایم ڈی کو بروقت کنٹرول کیا گیا اور لمپی سکن کا کوئی بھی کیس پنجاب میں رپورٹ نہیں ہوا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے پیرا ویٹرنری سٹاف میں موٹر بائیکس کی چابیاں بھی تقسیم کیں۔ قبل ازیں سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ پیرا ویٹس ہماری فوج ہے جن کے مسائل حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ہم نے محکمانہ ترقی کیلئے ایک سٹرکچر ڈویلپ کیا ہے جس کے تحت ملازمین کو ٹریننگ کی سہولت اور ان کی بروقت پروموشن کی جائے گی۔