یونیورسٹی آف سرگودھا میں کیریئر ڈویلپمنٹ سنٹر کے زیرِ اہتمام "روڈ میپ ٹو سی ایس ایس " کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد

منگل 20 مئی 2025 22:38

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں کیریئر ڈویلپمنٹ سنٹر کے زیر اہتمام سول سروسز کے خواہش مند طلبہ و طالبات کے لیے "روڈ میپ ٹو سی ایس ایس " کے عنوان سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد سی ایس ایس امتحان کی تیاری کے مختلف مراحل، تیاری کے طریقہ کار اور سول سروسزمیں مستقبل کے مواقعوں کے بارے میں رہنمائی، طلبہ کی حوصلہ افزائی اور اُن کی علمی بصیرت میں اضافہ کرنا تھا۔

سیمینار میں سول سروسز اکیڈمی لاہور کے ڈائریکٹر جنرل فرحان عزیز خواجہ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ اس موقع پر سول سروسز اکیڈمی کے ڈائریکٹرسول سروسز کامن ٹریننگ پروگرام ڈاکٹرسید شبیر اکبر زیدی، ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال،مینجر ایلومینائی آفس ناصر ہاروں، سی ڈی سی آفیسر معصومہ زہرہ اور مختلف شعبہ جات کے طلبہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے فرحان عزیز خواجہ نے سول سروسز میں جذباتی ذہانت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی مسابقتی دور میں صرف علمی قابلیت کافی نہیں بلکہ بین الشخصی مہارتیں بھی کامیابی کے لیے ناگزیر ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ سول سروس صرف ایک ملازمت نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا مشن ہے۔انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی سوچ اور اہداف کو بلند تر رکھنے کی ضرورت ہے۔

ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال نے اس موقع پر کہا کہ یونیورسٹی آف سرگودھا کا وژن اپنے طلبہ کو نہ صرف تعلیمی میدان میں بلکہ پیشہ ورانہ سطح پر بھی مضبوط بنانا ہے۔ ایسی تقریبات طلبہ کی رہنمائی اور ان کے وژن کو وسعت دینے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔سیمینار کے آخر میں سوال و جواب کا ایک جامع سیشن بھی رکھا گیا جس میں طلبہ نے مہمانِ خصوصی سے براہِ راست سوالات کیے اور سول سروس امتحانات کے مختلف پہلوؤں سے متعلق قیمتی رہنمائی حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :