پاپولیشن ویلفیئر نصیر آباد کے زیر اہتمام متوازن خاندان خوشحال بلوچستان کے عنوان پر تربیتی ورکشاپ

منگل 20 مئی 2025 20:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2025ء) ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر نصیر آباد کے زیر اہتمام متوازن خاندان خوشحال بلوچستان کے عنوان پر سول ہسپتال ڈیرہ مراد جمالی میں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر افیسر محمد عارف بزدار کی نگرانی میں منعقد ہوئی ۔ورکشاپ میں ایم ایس ڈاکٹر حبیب پندرانی،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ظاہر حسین عمرانی،ڈاکٹر نصیر محمد عمران قلندر بخش عمرانی سمیت دیگر لیڈی ہیلتھ ورکرز اور فیمیل ڈاکٹرز موجود تھیں۔

اس موقع پر ٹرینر ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئرآفیسر ڈاکٹر تہمینہ بگٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ زچگی کے دوران وقفہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،ایک ماں جب ایک بچے کو جنم دیتی ہے تو اس کو ریکور ہونے میں کافی وقت لگتا ہے ،نو ماہ تک بچے کو پیٹ میں پالنا ایک بہت بڑا دورانیہ ہوتا ہے جو کہ ماں کے لیے کسی چیلنج سے کم نہیں ،اس لیے متوازن زندگی کے لیے متوازن خاندان اور منصوبہ بندی انتہائی ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر نصیر آباد محمد عارف بزدار نے کہا کہ اس ضمن میں مختلف سیمینارز کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس کا بنیادی مقصد لوگوں میں شعور وآگاہی بیدار کی جائے کیونکہ بڑھتی ہوئی آبادی کی روک تھام انتہائی ضروری ہے ،بچوں کی صحیح معنوں میں پرورش کرنا والدین کیلئے انتہائی ضروری عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال میں گائنی کے شعبے کو مزید بہتر کرنا وقت کی ضرورت ہے کیونکہ بچے کی پیدائش ماں اور بچے کے لیے اہم مرحلہ ہوتا ہے، اس لیے جدید خطوط پر گائنی کے شعبے کو بہتر بنایا جائے بچے کی پیدائش کے بعد ماں کو خصوصی طور پر خوراک کی فراہمی کو یقینی بنائیں،جب ماں امید سے ہو تو ضروری ہے کہ اس کی صحیح معنوں میں نگہداشت کی جائے ،بچوں کی پیدائش سے قبل مخصوص قسم کے ٹیسٹز کروائے جائیں تاکہ مستقبل میں بچے کی پیدائش کے وقت ماں اور بچے کی زندگی کو خطرہ لاحق نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :