مساجد اور دینی مدارس کا تحفظ اپنی جان دیکر بھی کریں گے‘جے یو آئی(س)

اسلام آباد میںمسجد کو مسمار کرنے کے وا قعہ پر دل زخمی ہے ‘ علمائے کرائے کا مشترکہ بیان

جمعرات 21 اگست 2025 14:58

مساجد اور دینی مدارس کا تحفظ اپنی جان دیکر بھی کریں گے‘جے یو آئی(س)
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)جمعیت علما ئے اسلام( س) لاہور کے امیر ومرکزی سالار مولانا قاری اعظم حسین، امیر مولانا پیر عبدالقدوس نقشبندی ،ناظم اعلی مولانا ایوب خان، ڈپٹی سیکرٹری پیر اکبر ساقی، لاہور کے ناظم اعلی مولانا طیب عثمانی، نائب امیر مولانا صلاح الدین ایوبی، قاری واحد بخش، قاری رحمت اللہ لاشاری، انجینئر خالد ٹیپو، عبد الحمید تو نسوی، مولانا محمد ممتاز، مولانا توقیر عباس سمیت دیگر رہنما ئوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ مساجد اور دینی مدارس کا تحفظ اپنی جان دیکر بھی کریںگے ،ملکی بد قسمتی ہے یہاں شراب خانوں کے کھولنے کی اجازت ہے مگر مساجد ، دینی مدارس کی اجازت نہیں،آئین پاکستان سے کوئی بالا تر نہیں آئین پاکستان کو پاوں تلے روندنے والے ہی قوم اور ملک کے مجرم ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ ملک میں قدرتی آفات ، بدامنی ، قتل وغارت گری ہماری بداعمالیوں کا نتیجہ ہیں، اب بھی وقت کہ ارباب اختیار و اقتدار اور پوری قوم اجتماعی توبہ کرے تاکہ بدحالی ، قدرتی افات ، بدامنی سمیت دیگر مصائب و مشکلات اور آفات سے نجات مل سکے۔انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میںمسجد کو مسمار کرنے کے وا قعہ پر دل زخمی ہے جن بد بختوں نے مسجد کو مسمار کرنے کا حکم دیا انہیں قانون کے مطابق سخت سے سخت سزائیں دی جائیں۔